چیئرمین اور کونسلروں کو جلد دفاتر ، فرنیچر اور صفائی کا عملہ فراہم کیا جائے گا،ڈپٹی کمشنر

اتوار 13 نومبر 2016 20:40

حیدرآباد - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2016ء) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد معتصم عباسی نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں منتخب یونین کونسلوں کے چیرمین اور مخصوص سیٹوں پر منتخب کونسلروں کو ان کے علاقوں میں جلد دفاتر ، فرنیچر اور عملے سمیت صفائی کا عملہ فراہم کیا جائے گاتاکہ شہری عوام کو بروقت بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی ہو سکے۔

یہ بات انہوں نے شہباز ہال حیدرآباد میں میونسپل کارپوریشن حیدرآباد سے منسلک یونین کونسلوں کے چیرمین اور مخصوص سیٹوں پر منتخب کونسلروں کے ایک وفد کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ حیدرآباد شہر کے پیدائشی ہیں اور جتنا حیدرآباد شہر کے عوام اس شہر کے لیے درد رکھتے ہیں ان سے زیادہ وہ اس شہر کا درد رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری یہ اولین کوشش ہے کہ حیدرآباد کو خوبصورت شہر بنا کر عوام کو جدید اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد شہر میں بڑے عرصے سے تجاوزات قائم تھیں اس کو ختم کر دیاگیا ہے ۔ اس سے قبل کسی دور میں بھی یہ کام نہیں ہوا ہے اور حیدرآباد شہر کے مفاد میں جو بھی کام ہو گا اس کو ہر صورت میں ضرور مکمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں بڑی آبادی والے علاقوں کو ماضی میں بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا مگر اب ان علاقوں میں پینے کا پانی ، گلیاں ، گلیوںمیں سی سی بلاک کی تعمیر ، اسٹریٹ لائٹس، صفائی اور دوسری سہولیات کی فراہمی کے لیے جلد ترقیاتی اسکیموں پر کام شروع کر کے 6 ماہ کے اندر ان علاقوں میں تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ نادرا انتظامیہ سے رابطہ کر کے پیدائشی ، موت اور دوسرے ضروری فارم ایک ہفتے کے اندر یونین کونسلوں کے چیرمینوں کو فراہم کیے جائیں گے تاکہ یوسیز بھی بہتر طریقے سے کام کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد شہر کے قدیم علاقوں ، محلوں، گلیوں کو اتنا چھوٹا کر دیاگیا کہ ایمرجنسی کے دوران گلیوں میں ایمبولینس کا آنا نا ممکن ہو گیا تھا اس لیے ایسی رکاوٹوں کا خاتمہ کیا جارہا ہے تاکہ ایمرجنسی کے دوران بلا رکاوٹ ایمبولینس کی آمد رفت احسن طریقے سے ہو سکے ۔

انہو ںنے کہا کہ جن علاقوں میں صفائی ستھرائی کی سہولیات موجود نہیں ہیں ان علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی ، اسٹریٹ لائٹس، گلیو ں میں سی سی بلاک کی تعمیر اور دوسرے عوامی سہولیات کے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کیاگیا ہے جبکہ یونین کونسلوں کے منتخب چیرمینوں کے دفاتر ،فرنیچر، آفس عملے سمیت صفائی کا عملہ ، کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لیے گاڑیوں کی فراہمی جلد کی جائے گی ۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے سابق پولیٹیکل اسسٹنٹ حیدرخان نے کہا کہ ہمیں یہ فخر ہے کہ پی پی پی نے گزشتہ تین برسوں کے دوران حیدرآباد ضلع میں 3 سو ملین روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام کرائے ہیں ۔ جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے شہریوں کو پینے کے پانی کی قلت کو جلد ختم کر کے انہیں وافر مقدار میں پانی مہیا کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ضلع میں جاری ترقیاتی اسکیموں کو جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔ انہوں نے یونین کونسلروں اور چیرمینز کو کہا کہ وہ عملے کی حاضری کو یقینی بنائیں اور غیر حاضر عملے کے خلاف سخت قانونی اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے ڈی سی اور میں خود ہر ماہ یوسی چیرمینوں سے اجلاس منعقد کریں گے تاکہ عوام کے جلد مسائل حل ہوں۔

سابقہ صوبائی وزیر زاہد بھرگڑی نے کہا کہ پی پی پی عوام کا درد رکھنے والی پارٹی ہے اور عوام سے جو بھی واعدے کرتی ہے وہ پورے کرتی ہے ۔ انہوں نے نو منتخب یونین کونسلوں کے چیرمینوں سے کہا کہ جس طرح عوام نے آپ پر اعتماد کرکے آپ کو منتخب کرایا ہے اسی طرح آپ کو بھی عوام کے اعتماد پر پورا اترنا ہو گا اور ان کے بنیادی مسائل حل کرنے کی کوشش کرنی ہو گی ۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیدرآباد ون غلام مرتضی میمن، اسسٹنٹ کمشنر سٹی حیدرآباد نظام الدین جتوئی ، اسسٹنٹ کمشنر قاسم آباد فدا شورو، میونسپل کمشنر حیدرآباد شاہد علی خان ،پی پی پی لیڈیز ونگ ضلع حیدرآباد کی سابقہ صدر صنم تالپور ، پی پی ضلع حیدرآباد کے سابق اطلاعات سیکریٹری سید کمال شاہ ، ایم ڈی واسا مسعود جمانی ،18 یونین کونسلو ں کے چیرمینوں اور 9 مخصوص سیٹوں پر منتخب کونسلروں کے علاوہ دیگر نے بھی شرکت کی ۔