صدر مملکت ممنون حسین کی قیادت میں ذیابیطس کے دن کے موقع پر ایوان صدر میں واک کا اہتمام کیا گیا

انسان اپنے طرزِ زندگی میں چندبنیادی تبدیلیاں لا کرذیابیطس اور بعض دیگر موذی امراض سے بچ سکتا ہے ،ْصدرمملکت

اتوار 13 نومبر 2016 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین کی قیادت میں ذیابیطس کے دن کے موقع پر ایوان صدر میں واک کا اہتمام کیا گیا جس میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس واک کا مقصد لوگوں میں ذیا بیطس کے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔اس موقع پر صدر مملکت نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسان اپنے طرزِ زندگی میں چندبنیادی تبدیلیاں لا کرذیابیطس اور بعض دیگر موذی امراض سے بچ سکتا ہے۔

ذیابیطس یقیناًایک پیچیدہ اور تکلیف دہ مرض ہے جس کے نتیجے میں مزید بہت سے امراض جنم لیتے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ عوام کو بہتر طرزِ زندگی کے بارے میں معلومات کی فراہمی کے لیے اس طرح کی سرگرمیاں نچلی اور دیہی سطح پر ہونی چاہییں تاکہ حفظان صحت کے اصول زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ تمام ادارے حکومت کے ساتھ ملک کر عوام کو بہتر سہولیات مہیا کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

صدر مملکت نے کہا کہ ذیابیطس ہی نہیں انسانی زندگی کو نقصان پہنچانے والے ہر مرض سے بچنے کے لیے خوراک کی اہمیت غیر معمولی ہے اس معاملے میں حکومت اپنا کردار اداکررہی ہے لیکن ہرفرد کا انفرادی کردار اس سے بھی زیادہ اہم ہے۔انھوں نے کہا کہ ان معاملات میں گھر کی تربیت بنیادی کردار ادا کرتی ہے لیکن بعض صورتوں میں یہ ضروری ہو جاتاہے کہ معاشرہ بھی اپنا کردار ادا کرے۔

صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید یونیورسٹی کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ انھوں نے تپ دق کے علاج سے متعلق مہم کی سربراہی بھی قبول کر لی ہے۔صدر مملکت نے اس موقع پر گوادر سی پورٹ کے افتتاح ہر قوم کو مبارک باد دی اور بتایا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل کے بعد پاکستان خطے کا اہم ملک بن جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ یہ منصوبہ حکومت یا کسی ایک جماعت کا منصوبہ نہیں ہے بلکہ یہ پوری قوم کا منصوبہ ہے جس سے بھرپور طریقے سے فائدہ اٹھانے کے لیے بدعنوانی کا خاتمہ نا گزیر ہے۔صدر مملکت نے اس موقع پر ذیا بیطس آگاہی کے علامتی رنگ کی روشنی جلائیں۔ یہ رنگ ذیا بیطس کے خلاف قومی عزم کے اظہار کا عکاس ہے۔صدر مملکت اس موقع پر واک کے شرکا میں گھل مل گئے۔وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پمز میں ذیا بیطس کے علاج کے لیے ایک جدید مرکز قائم کیا جائے گا۔اس موقع ڈنمارک کے سفیر اولے تھامسے اور ذوالفقار علی بھٹو شہید یونیورسٹی کے وائس چانسلر بھی موجود تھے جنھوں نے صدر مملکت کو واک سے متعلق آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :