ہمیشہ کی طرح اس با ر پھر وزیراعظم نوازشریف سرخرو ہونگے،چودھری رفعت جاوید

عمران خان کی پسند ناپسند پر وزیراعظم ہٹانے کافیصلہ نہیں ہوسکتا،ڈپٹی میئر اسلام آباد

اتوار 13 نومبر 2016 20:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 نومبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما و ڈپٹی میئر فیڈرل کپیٹل اسلام آباد چودھری رفعت جاویدنے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کیخلاف افواہ ساز فیکٹریاں پہلے بھی کام کرتی رہی ہیں اور اب ایک بارپھر انہوںنے سراٹھانا شروع کردیا ہے مگر ہمیشہ کی طرح اس باربھی وزیراعظم میاں نوازشریف سرخروہونگے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم میاں نوازشریف نے خود کو رضاکارانہ طورپر احتساب کیلئے پیش کیا ہے حالانکہ ان کانام تو پانامہ پیپرز میں کہیں بھی موجود نہیں ہے،حکومت ے ٹی او آرز کا معاملہ پارلیمنٹ کے ذریعے حل کرنے کی سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں کیں لیکن اتفاق رائے نہ ہوسکا کیونکہ اپوزیشن پوائنٹ سکورنگ کیلئے اس مسئلے پر سیاست کرتی رہی ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں چودھری رفعت جادیدنے کہاکہ عمران خان کی پسند ناپسند پر وزیراعظم کو ہٹانے کا فیصلہ نہیں ہوسکتا،پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کو 2013ء میں اندھرے میں ڈوباہوا پاکستان ملا،ملکی ترقی میں اہم رکاوٹ دھرنوں کی سیاست ہے جسے عوام نے یکسر مسترد کردیا ہے ،وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کی بہترین حکمت عملی کے باعث دھرناخان کو ناکامی کا منہ دیکھناپڑا۔

ڈپٹی میئر چودھری رفعت جاوید ایڈووکیٹ نے کہاکہ موجودہ حکومت بہتر حکمت عملی کے تحت پاکستان کومعاشی ترقی کی راہ پر گامزن کررہی ہے اور یہ ہماری بہتر حکمت عملی کا نتیجہ ہے کہ دنیا پاکستان کو ابھرتی معیشت قرا ر دے رہے ہیں ۔