سینیٹرسعید غنی کا وزیرداخلہ چوہدری نثار کی لندن روانگی پر حیرت کا اظہار

ایسا بے حس، لاپرواہ اور نااہل وزیر داخلہ ملک کی بہت بڑی بدقسمتی ہے، نااہل وزیر دخلہ کو کان سے پکڑ کر گھر بھیج دیا جائے،بیان

اتوار 13 نومبر 2016 20:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے وزیرداخلہ چوہدری نثار کی لندن روانگی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا بے حس، لاپرواہ اور نااہل وزیر داخلہ ملک کی بہت بڑی بدقسمتی ہے۔ ایسے نااہل وزیر دخلہ کو کان سے پکڑ کر گھر بھیج دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ وزیر داخلہ شاہ نورانی کے دربار میں ہونے والے خود کش حملے کی تحقیقات کے لئے خود بلوچستان جاتے مگر موصوف لندن چلے گئے جس سے ان کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی عکاسی ہوتی ہے۔

سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ وِگ والے وزیر داخلہ ہر ہفتے الیکٹرانک میڈیا پر نمودار ہوتے ہیں اور سیاسی مخالفین کے خلاف غیرضروری محاذ آرائی کرکے چھپ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ خود قابل گرفت ہیں کہ وہ کالعدم تنظیمیں جو شدت پسندی کی حامی ہیں سے ملاقاتیں کیوں کر رہے ہیں سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ نواز شرف کی کابینہ کی حالت یہ ہے کہ ریلوے کے وزیر یہ پوچھا جاتا ہے کہ ٹرین حادثہ کیسے ہوا تو جواب آتا ہے کہ کراچی کی سڑکیں خراب ہیں۔

وزیر مملکت برائے بجلی سے پوچھا جاتا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کب ختم ہوگی تو جواب دیتا ہے کہ بجلی کی چوری ہو رہی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پنجاب آمد پر مسلم لیگ(ن) اور دیگر پیپلزپارٹی کے مخالفین کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔