جرمن اسکول ، کورین اسکول ٹرسٹ کی جگہیں ہیں۔ لینڈ مافیا کو قبضہ نہیں کرنے دینگے۔ ٹرسٹ کی انکوائری کی ہدایت

ٹرسٹ اور اسکی انتظامیہ کی بے قاعدگی پر دو بار ایکشن لے چکے ہیں ۔ بے قاعدگیاں پائی گئیں تو بحق سرکار ضبطگی سے بھی گریز نہیں کرینگے

اتوار 13 نومبر 2016 19:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2016ء) ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ اور میٹروپولیٹن کمشنر بدر جمیل کی ہدایت پراورنگی ٹائون میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے ۔ سڑکوں پر تجاوزات ہٹانے اور ٹریفک و ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر شاہراہ اورنگی بالخصوص ۵ نمبر پر غیر قانونی رکشوں کی پارکنگ اور بس اسٹاپ ہٹانے کے لئے رکن سندھ اسمبلی محمد حسین خان کی ہدایت پرپروجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی نے دونوں اداروں کو خط لکھ دیا ہے۔

رکن سندھ اسمبلی اورنگی محمد حسین خان کی زیر صدارت اجلاس میں اورنگی کی زمینوں پر قبضوں کی روک تھام ،تجاوزات کے خلاف بھرپور کاروائی کے علاوہ عوامی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے محمد حسین خان نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کی بڑی وجہ ٹریفک کا کنٹرول نہ ہونا ہے ۔

(جاری ہے)

اس کی درستگی کے لئے ایم پی اے محمد حسین خان کی ہدایت پر مشترکہ آپریشن کے لئے خط لکھ دیا گیا ہے۔

دریں اثناء لیز شدہ جگہوں اور عدالت یا صوبائی محتسب کے احکامات پر بعض منتخب نمائندوں کی جانب سے شکایات پر ہونے والی توڑ پھوڑ پر ضلع غربی کی عدالت نے پروجیکٹ ڈائریکٹراورنگی کو ہفتہ کے روز طلب کرکے انہیں وارننگ دی کہ وہ جعلی شکایات پرمکمل دستاویزات کے بغیر کسی کے بھی کہنے پر کاروائی سے گریز کریں۔ ضلع غربی کی عدالت کو پروجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ اعلی سطح پر حکم جاری ہونے پر عملے نے کاروائی کی جس میں آئندہ قواعد و ضوابط کا خیال رکھا جائے گا۔

رکن قومی اسمبلی محبوب عالم نے کہا ہے کہ جرمن اسکول اور اسکے دو مذید پروجیکٹ ٹرسٹ کی جگہیں ہیں ۔ یہاں لینڈ مافیا کو قبضہ نہیں کرنے دینگے۔ اگر ٹرسٹ کے لوگ ملوث ہوئے تو انکے خلاف کاروائی ہوگی۔ دو مرتبہ پروجیکٹ ڈائریکٹر پرفائرنگ میں ملوث لینڈ مافیا کو سیاسی اور جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی حاصل ہے اسکا ادارک کریں گے۔ محبوب عالم نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت دیتے ہوئے پیر کو ٹرسٹ انتظامیہ کو انکوائری کے لئے طلب کرلیا ہے۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر نے انہیں بتایا کہ ٹرسٹ کی بے قاعدگی پر دو بار ایکشن لے چکے ہیں۔ متعلقہ قونصلیٹ اور ان سے منسلک افراد کو خط لکھ کر تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ این جی او کے خلاف صوبائی محتسب کے پاس کیس چل رہا ہے ۔ دونوں معاملات کلیئر ہونے تک کسی قسم کا کام نہیں ہونے دینگے تجاوزات مسمار کردی جائیں گی۔ بے ضابطگیاں پائی گئیں تو بحق سرکار ضبطگی سے بھی گریز نہیں کریں گے۔

اسکول دوبارہ شروع نہیں کیا گیا تو ٹرسٹ کا حق لینڈ ریونیو ایکٹ/ سوشل ویلفیئر ایکٹ کے تحت ختم کرانے کے لئے عدالت سے رجوع کرینگے۔ جماعت اسلامی سمیت سب کے تحفظات دور کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ لینڈ گریبرز کے خلاف مکمل متحرک ہیں۔ لینڈ ڈپارٹمنٹ نے وحید ڈار، عجب خان اورمبین نامی لینڈ گریبرز کے خلاف کاروائی کے لئے پولیس اور رینجرز و اسسٹنٹ کمشنرز کو خط لکھ دیئے گئے۔

کچھ سیاسی جماعتیں بھی لینڈ گریبرز کی سرپرستی کر رہی ہیں۔ فائرنگ کرانے یا دھمکیاں دینے سے نہیں ڈرتے ۔ میٹروپولیٹن کمشنر بدر جمیل صاحب کو موبائل اور دیگر مسائل سے آگاہ کردیا ہے انشاء اللہ یہ کام ہوتے ہی پورے ٹائون شپ میں منتخب نمائندوں کے ساتھ ملکر نالوں اور غلط لیزوں پر کاروائی اور تجاوزات کا نہ رکنے والا آپریشن کرینگے۔ MNA محبوب عالم نے انہیں یقین دلایا کہ ہر اچھے کام میں انکی سرپرستی شامل رہیگی۔

اجلاس میں جمال اختر،ایس ایم جاوید، عقیل احمد، نجم، عبدالحفیظ ، منیر اختر، ارشاد احمد،عالم، امتیاز، ابراہیم سومرو ایڈووکیٹ، طاہر اور لینڈ انسپیکٹرز نے بھی شرکت کی۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد رضوان خان نے عوام الناس سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی تجاوزات اور شکایات کے لئے واٹس اپ نمبر ۰۵۹۹۴۸۲۱۱۳۰ پر یا فون نمبر۰۷۷۵۱۲۹۹۱۲۰پر اطلاع دیں ۔

متعلقہ عنوان :