شیعہ علماکونسل کی درگاہ شاہ نورانی پر دھماکے کی مذمت،شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت

بلوچستان عالمی سازشوں کا مرکز بن چکا ، حکومت عوام کو تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکیُ‘ علامہ سبطین سبزواری

اتوار 13 نومبر 2016 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2016ء) شیعہ علماکونسل پنجا ب کے صدر علامہ سید سبطین حیدرسبزواری نے بلوچستان میں درگاہ شاہ نورانی پر دھماکے کی مذمت اورشہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان عالمی سازشوں کا مرکز بن چکا ہے، سکیورٹی ادارے افغانستان سے دہشت گردوں کے داخلے کے الرٹ جاری کرتے ہیں تو اس کے سد باب کے انتظامات کیوںنہیں ہوتے۔

عوام کو تخریب کاروں کے رحم و کرم پر چھوڑنے سے واضح ہوگیا کہ حکومت تحفظ کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔سیاسی سیل کے چیرمین میاں فرزند علی چھچھر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی نے پاکستان کی نہ صرف ترقی کو روکا بلکہ ہر طبقے پر حملوںنے عوام میں احساس عدم تحفظ پیدا کیا۔وہ کونسی جگہ ہے کہ جہاں دھماکے نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

مساجد ،امام بارگاہیں، درگاہوں سمیت جی ایچ کیو، ائرپورٹس مارکیٹیں اور حتیٰ کہ تعلیمی اداروں پرنہ صرف دھماکے کئے گئے آرمی پبلک سکول کے طلبا کو جس ظالمانہ انداز سے شہید کیا گیا، اس کی ظلم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کو جڑ سے پھینکے بغیر کوئی چارہ کار نہیں، مگر ہر واقع کے بعد حکمرانوںکے مذمتی بیانات آتے ہیں، اور پھر چند دنوں بعد لوگ ان واقعات کو بھول جاتے ہیں۔ کوئٹہ کو ہزارہ قبیلہ کی مقتل بنادیا گیا ،کوئی پالیسی تبدیل ہوئی اور نہ ہی عوام کو تحفظ فراہم کیا گیا، حتٰی کہ محر م الحرام میں ہزاہ خواتین کو بس میں شناخت کے بعد شہید کردیا گیا۔

حکمرانوں کی ترجیحات نہیں بدلیں۔ اب بھی دہشت گردوں کو وزیر داخلہ تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ٹھوس بنیادوں پر دہشت گردی کے خاتمے کے سوا امن قائم نہیں کرسکتی۔ شیعہ رہنما نے افسوس کا اظہارکیا کہ شاہ نورانی درگاہ پر علاج معالجے کی سہولیات ہیں اور نہ ہی وہاں پہنچنے کے لئے عقیدت مندوں کے لئے کوئی پختہ سڑکیں۔ جبکہ حکمرانوںکی عیاشیاں جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :