حکمران اپنے اقتدار کی بجائے قومی سلامتی کو ترجیح دیں ‘ ذکراللہ مجاہد

امیر جماعت اسلامی لاہو ر کی بلوچستان میں سانحہ شاہ نورانی مزار پر دھماکہ کی پر زور مذمت

اتوار 13 نومبر 2016 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ حکمران اپنے اقتدار کو بچانے کی بجائے ملک اور قومی سلامتی کو ترجیح دیں ۔ان خیالات کااظہار گذشتہ رو ز انہوں نے ضلعی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کے جان ومال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو چکی ہیں اوردہشتگردی کے خاتمے کے زبانی دعوے کئے جارہے ہیں لیکن عملاًً دہشتگردی کا ناسور دن بدن بڑھتا جا رہا ہے۔

ذکر اللہ مجاہدنے بلوچستان میں شاہ نورانی مزار پر دھماکے کی پرُ زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد وں نے بلوچستان کو ٹارگٹ کر رکھا ہے ۔ ملک میں جاری دہشتگردی کے پیچھے ہمارا ازلی دشمن بھارت کا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں ہے وہ ملک کو غیر مستحکم کرنے اور سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے دہشتگردی کی کاروائیاں کروارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان اس ملک کا مقدر ہے ،جماعت اسلامی اللہ کی زمین پر اللہ تعالیٰ کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ حکمرانوں کی طرف سے ترقی اور خوشحالی کے چرچے عام ہیں مگر عوام بجلی وگیس ، غربت ، مہنگائی ، پینے کا صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ملک میں تبدیلی لانے اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے باکردار باصلاحیت قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا۔