صاف ستھری اور باکردار قیادت کے انتخاب کے بغیر ملک و قوم مسائل کی دلدل سے نہیں نکل سکتے ‘ راشد نسیم

کرپٹ اور بدکردار حکمرانوں کو قوم کی نہیں ہمیشہ اپنی فکر ہوتی ہے ،یہی وجہ ہے آج حکمرانوں کے اندرون و بیروںملک عالی شان محلات اور اربوں روپے کے بینک بیلنس ہیں جبکہ عوام کو دو وقت کا کھانا نصیب نہیں

اتوار 13 نومبر 2016 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2016ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ صاف ستھری اور باکردار قیادت کے انتخاب کے بغیر ملک و قوم مسائل کی دلدل سے نہیں نکل سکتے ،کرپٹ اور بدکردار حکمرانوں کو قوم کی نہیں ہمیشہ اپنی فکر ہوتی ہے ،یہی وجہ ہے کہ آج حکمرانوں کے اندرون و بیروںملک عالی شان محلات اور اربوں روپے کے بینک بیلنس ہیں جبکہ عوام کو دو وقت کا کھانا نصیب نہیں ،امت کے اجتماعی مسائل کے حل کیلئے عالم اسلام کو سرجوڑ کر بیٹھنا اور باہمی اختلافات کو ختم کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنی صدارت میںمنصورہ میں منعقدہ جماعت اسلامی کی تربیتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری منصوبہ کمیٹی اظہر اقبال حسن اور چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے ناظمین تربیت نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

راشد نسیم نے کہا کہ پاکستان سمیت عالم اسلام پر عالمی سامراج کے غلام حکمرانوں کا قبضہ ہے جو امت کے اجتماعی مفادات کو پس پشت ڈال کر ذاتی مفاد کے پیچھے بھاگ رہے ہیں اور جس راستے پر انہیں اسلام دشمن قوتیں چلانا چاہتی ہیں اسی پر چلتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا قبلہ مکہ مکرمہ کی بجائے واشنگٹن اور نیو یارک ہے ، مغرب اور یورپ میں مسلمانوں کے خلاف جو پالیسیاں بنتی ہیں وہی مسلم ممالک کے حکمران اپنے عوام پر مسلط کردیتے ہیں جس سے پوری اسلامی دنیاانتشار کا شکار ہے ،ایک طرف یہود و ہنود مسلمانوں کا قتل عام کررہے ہیں اور دوسری طرف نام نہاد مسلم حکمرانوں نے ان کی زندگی اجیرن کررکھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک عوام کے دل کی آواز ہے ،عوام زندگی کی بنیادی سہولتوں کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں جبکہ حکمرانوں نے قومی دولت کو بیرونی بنکوں میں جمع کروا رکھا ہے ۔ راشد نسیم نے کہا کہ مسائل سے نجات کیلئے خوف خدا رکھنے والی قیادت کا انتخاب ناگزیر ہے ۔