حکومت عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ،سانحہ حب نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ‘ اعجاز احمد چوہدری

اتوار 13 نومبر 2016 19:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2016ء)پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سابقہ صدر اعجاز احمد چوہدر ی نے کہا ہے کہ موجودہ کرپٹ ، بد دیانت اور جھوٹے حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں ،حکومت عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے سانحہ حب نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے ہم بد ترین دہشتگردی کے واقعہ کہ شدید مذمت کرتے ہیں اور شہید ہونے والوں کے لواحقین سے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، دہشتگرد ایسی بزدلانہ کاروائیوں سے قوم کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتے ، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم متحد ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سانحہ حب صوبائی حکومت اور انتظامیہ کی نااہلی اور بے حسی کا ثبوت ہیں، ملک دشمن عناصر دہشگردی کے واقعات کر کے امن کو تباہ کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کا ناپاک عزائم اور چالیں کبھی کامیاب نہیں ہونگی ، دہشتگردی کے پے در پے واقعات سے بلوچستان میں لگتا ہے کہ وہاںحکومت نام کی کوئی چیز نہیںہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران خود تو اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں مگر معصوم عوام کو دہشگردوں کے سپرد کیا ہوا ہے ، صوبائی حکومت کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے درجنوں افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں،جس کی تمام تر ذمہ داری بلوچستان کی حکومت اور انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے ۔