درگاہ شاہ نورانی میں بم دھماکہ المناک سانحہ ہے، وزیراعلیٰ سندھ

اتوار 13 نومبر 2016 19:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دہشت گرد پاکستان اور اسلام کے دشمن ہیں جو مسلمانوں کو قتل اور مزارات میں دھماکے کر رہے ہیں۔ اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے درگاہ شاہ نورانی دھماکے میں ہونے والے زخمیوں کی ٹراما سینٹر میں عیادت کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو، سیکریٹری صحت عثمان چاچڑ، کمشنر کراچی اور دیگر بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ درگاہ شاہ نورانی میں ہونے والا بم دھماکہ ایک المناک سانحہ ہے، زیادہ تر زخمیوں اور ہلاک ہونے والوں کا تعلق کراچی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناح، سول اور جے پی ایم سی سمیت کراچی کے بڑوں اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی اور ڈاکٹروں کو طلب کر لیا گیا تھا جبکہ اضافی خون اور ادویات کا اہتمام بھی کر لیا گیا تھا اور اس کے ساتھ ساتھ شاہ نورانی سے زخمیوں کو کراچی لانے کے لئے ایمبولینسیں بھی بھیجی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ کو واضح ہدایات دے دی گئی ہیں کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ درگاہ شاہ نورانی پر ہونے والے بم دھماکے کے بعد شاہ عبدالطیف بھٹائی کے مزار پر سکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6000 ڈاکٹرز بھرتی کئے گئے ہیں تاکہ ٹراما سینٹر، تھر کے علاقے، کوہستان اور کاچھو کے علاقوں میں ان ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو تعینات کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فرانزک لیب کے قیام کے لئے فنڈز بھی مختص کئے ہیں۔