ا پ ڈیٹ )

نیوزی لینڈ کے جنوبی جزیرے نیلسن میں7.8شدت کا شدید زلزلہ، سونامی وارننگ جاری کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ملیں زلزلے عمارتیں لرز اٹھیں ، متعدد عمارات کو نقصان پہنچا لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا،بجلی و مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا نیوزی لینڈ میں موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی ہوٹل سے باہر آ گئے امید ہے زلزلے میں ہر کوئی محفوظ ہے ،وزیر اعظم جوہن کے کا ٹو ئٹ

اتوار 13 نومبر 2016 19:00

ویلنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2016ء) نیوزی لینڈ کے جنوبی جزیرے کرائسٹ چرچ کے نردیک اتوار کے روز 7.8شدت کے زلزلے کے طاقتور جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں، جس کے بعد سونامی وارننگ جاری کردی گئی ہے ،زلزلے کے باعث عمارتیں لرز اٹھیں او ر ملک کے کئی علاقوں میں بجلی و مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا ، لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ، نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی ہوٹل سے باہر آ گئے ، امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلز لہ رات کے وسط میں جنوبی جزیرہ نما شہر کرائسٹ چرچ سے 90کلومیٹر شمال میں آیا جوکہ پانچ سال کے عرصے میں آنیوالا تباہ کن زلزلہ تھا ۔

زلزلہ کی شدت ابتدائی طور پر 7.4 ریکارڈ کی گئی تھی تااہم بعد میں اسے اپ گریڈ کیا گیا اور 7.8بتائی گئی جبکہ اسکی گہرائی کرائسٹ چرچ کے قریب11کلو میٹر بتائی گئی ہے اور اسکے جھٹکے ملک بھر میں محسوس کئے گئے ہیں ،زلزلے سے لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے،کئی لوگ اس وقت سور رہے تھے ۔

(جاری ہے)

زلزلے سے مرکز کے نزدیک چھوٹے دیہی شیوویوٹ قصبے میں عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ملی ہیں ،تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ملی ہیں ،دریں اثناء نیوزی لینڈ کی ایمرجنسی منیجمنٹ کی انچارج قومی شہری دفاعی تنظیم نے ایک بیان میں کہا ہے سونامی کا خطرہ موجود ہے ،اسکا کہنا ہے کہ سونامی کی ابتدائی لہر شاید اتنی زیاد ہ نمایاں نہ ہو لیکن سونامی کی سرگرمی کئی گھنٹے تک جاری رہ سکتی ہے ۔

تاہم بحرالکاہلی سونامی وارننگ سینٹر کا کہنا ہے کہ موصول ہونے والے ڈیٹا کے مطابق تباہ کن سونامی متوقع نہیں ہے ۔ ادھر نیوزی لینڈ میں موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی خوف و حراس کے باعث اپنے ہوٹلوں سے باہر آ گئے ۔پاکستان ویمن ٹیم بھی اس وقت نیوزی لینڈ کے دورے پر ہے ،ویمن ٹیم کی کھلاڑی بھی کرائسٹ چرچ میں اپنے ہوٹل سے با ہر آگئیں ۔

محکمہ شہری دفاع نیوزی لینڈ کے مطابق زلزلے میں ہونے والے ممکنہ نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ بڑے زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے اور متعدد جھٹکے محسوس کئے جا چکے ہیں ۔وزیر اعظم جوہن کے نے ٹوئٹ میں کہا کہ مجھے امید ہے رات کے زلزلے میں ہر کوئی محفوظ ہے ، واضح رہے کہ اس سے پہلے نیوزی لینڈ میں2011میں 6.3شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں185افراد ہلا ک ہو ئے تھے۔(علی)