نیب پیشہ وارانہ صلاحیتوں،شفافیت اور میرٹ پرعملدرآمد کے ذریعے پاکستان کو بدعنوانی سے پاک کرنے کیلئے پر عزم ہے ،ْقمرزمان چوہدری

نیب میں اب کوئی افسر اور اہلکار سرکاری امور کی انجام دہی پر اثرانداز نہیں ہوسکتا ،ْ چینی شہر ارومچی کے گور نر سے ملاقات میں گفتگو

اتوار 13 نومبر 2016 18:50

ارومچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2016ء) نیب کے چیئرمین قمرزمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب پیشہ وارانہ صلاحیتوں،شفافیت اور میرٹ پرعملدرآمد کے ذریعے پاکستان کو بدعنوانی سے پاک کرنے کیلئے پر عزم ہے ،نیب میں اب کوئی افسر اور اہلکار سرکاری امور کی انجام دہی پر اثرانداز نہیں ہوسکتا۔وہ چین کے مغربی صوبہ سنکیانگ کے دارالحکومت ارومچی میں صوبائی گورنر شہرت ذاکر سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ملاقات کے دوران ارومچی کے مئیراور سنٹرل کمیشن فار ڈسپلن اینڈ انسپکشن کے رہنماء بھی موجود تھے ،ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی،ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ پاکستان اور چین آزمودہ دوست ہیں،دونوں ملکوں نے بدعنوانی کی روک تھام کیلئے مفاہمت کی یادادشت پر دستخط کئے ہیں،اس سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون مزید مستحکم ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیب پاکستان میں بدعنوانی کی روک تھام کا اعلی ادارہ ہے جوکہ پیشہ ارانہ صلاحیتوں،شفافیت اور میرٹ پرعملدرآمد کے ذریعے پاکستان کو بدعنوانی سے پاک کرنے کیلئے پر عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کا ادارہ بدعنوانی کے خاتمے اوربدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرنے کیلئے قائم کیا گیا ہے،نیب نے اس مقصد کیلئے آگہی ،تدارک اور قانون پر عملدرآمد کا لائحہ عمل سمیت سہہ جہتی حکمت عملی وضع کی ہے،مقدمات نمٹانے کیلئے شکایات کی جانچ پڑتال سے انکوائری،انوسٹی گیشن اور احتساب عدالتوں میں ریفرنس دائر کرنے کے امور کو قانون کے مطابق نمٹایا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ 2014میں نیب میں اصلاحات کا عمل شروع کیا گیا نیب میں اب کوئی افسر اور اہلکار سرکاری امور کی انجام دہی پر اثرانداز نہیں ہوسکتا،نیب میں مشترکہ تحقیقاتی نظام وضع کیا گیاہے ،جس کے تحت دو انوسٹی گیشن آفیسرز اور لیگل کنسلٹنٹ ملکر شفاف اور غیر متعصبانہ بنیادوں پر انکوائری اور انویسٹیگیشن نمٹاتے ہیں ،جزوی مقداری گریڈنگ نظام ،مانیٹرنگ انڈ ایوالیوایشن نظام اور ادارہ جاتی نظام سے کارکردگی میں بہتری آئی ہے ،انہوں نے کہا کہ نیب کی موجودہ انتظامیہ نے ادارے کو درست سمت میں گامزن کر دیاہے،نیب کی موثر کوششوں کی وجہ سے پلڈاٹ،ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل،مشعل اور عالمی اقتصادی فورم نے ہماری کارکردگی کو سراہا ہے جو کہ اہم کامیابی ہے ،نیب کی بدعنوانی کی روک تھام کیلئے کامیاب حکمت عملی پر 2016میں بھی عملدرآمد جاری رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ سول سوسائٹی ،میڈیا اور عوام کے تعاون اور تمام فریقوں کی مشترکہ کوششوں سے بدعنوانی کو روکا جا سکتا ہے۔ سنکیانگ کے گورنر شہرت ذاکرنے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،انہوں نے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی قیادت میں نیب کی انسداد بدعنوانی کی کوششوں کو سراہا،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان بدعنوانی کی روک تھام کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط اہم کامیابی ہے ،جس سے دونوں ملکوں کے درمیان بدعنوانی کی روک تھام کیلئے تعاون مزید مستحکم ہوگا ،انہوں نے مستقبل میں بدعنوانی کی روک تھام کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :