محکمہ اطلاعات میڈیا کارکنان اور صحافیوں کی بہبود کے لیئے بہترین اقدامات کر رہا ہے‘اقبال حسن

اتوار 13 نومبر 2016 18:50

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2016ء) صوبائی وزیر اطلاعات و پلاننگ اقبال حسن نے کہا ہے کہ انفارمیشن ڈپارٹمنٹ گلگت بلتستان نے صوبے میں میڈیا کی ترقی کے لیئے متعدد اقدامات کئے ہیں اور جلد ہی یہ محکمہ مکمل طور پر فعال ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات میڈیا کارکنان اور صحافیوں کی بہبود کے لیئے بہترین اقدامات کر رہا ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ انفارمیشن کا شعبہ وقت حاضر کی اہم ترین ضرورت ہے او ر میڈیا کے بھرپور تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ محکمہ اطلاعات کے لیئے الگ سیکرٹری کا تقرر بہت جلد کیا جائے گا اور حکومت کی کوشش ہے کہ اس محکمہ کو جدید طرز پروسعت دی جائے ۔ یہ محکمہ مزید فعالیت کا ثبوت دے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی بہبود سمیت دیگر معاملات کو حل کرنے کے لیئے گلگت بلتستان میں پریس فاونڈیشن کا قیام نا گزیر ہے اور اس سلسلے میں محکمہ اطلاعا ت نے اپنی بھرپور سفارشات پیش کردی ہیں اور جلد ہی اس کے قیام کے حوالے سے تما م مراحل مکمل کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ سینئر ترین آفیسرز پر مشتمل ٹیم ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے صیح سمت میں کام کر رہی ہے اور انہوں نے اس یقین کا اظہار بھی کیا کہ اب کسی صورت گلگت بلتستان کو بیمار اور نامکمل منصوبوں کا قبرستان نہیں بننے دیا جائے گا۔ تمام منصوبوں کی سائنسی بنیادوں پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور ناقص و غیر معیاری کام پر کسی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیا جارہا ہے۔

وزیر پلاننگ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے دی جانے والی واضع ہدایات کی روشنی میں تمام ادارے اپنے اہداف کے تعین او ر انکی تکمیل میں مصروف عمل ہیں ، ناقص پلاننگ اور بہتر ترجیحات نہ ہونے کے سبب ماضی میںگلگت بلتستان میں فنڈز کا استعمال درست طرح سے نہیں کیا گیا ، اب حکومت کا ہدف ہر صورت تمام اضلاع میں جاری اور نئے شروع کئے جانے والے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔