محکمہ سوئی گیس فیصل آباد ریجن نے فیصل آباد کی چار سو کے لگ بھگ مختلف مصنوعات تیار کرنے والی ملوں کی گیس کی سپلائی بند کرنے کا فیصلہ

اتوار 13 نومبر 2016 18:21

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2016ء) محکمہ سوئی گیس فیصل آباد ریجن نے فیصل آباد کی چار سو کے لگ بھگ مختلف مصنوعات تیار کرنے والی ملوں کی گیس کی سپلائی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سوئی گیس کے اس اقدام کی وجہ سے فیصل آباد کے ہزاروں محنت کش بے روز گار ہو جائیں گے۔ آن لائن کے مطابق حکومت کی اس ہدایت پر کہ گھریلو صارفین کو سردیوں میں گیس کی سپلائی کو بحال رکھا جائے۔

چنانچہ اس قلت کو پورا کرنے کے لئے سوئی گیس انتظامیہ نے فیصل آباد ڈویژن کی تقریباً چار سو سے زائد صنعتوں کو 15نومبر سے گیس کی سپلائی منقطع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں محکمہ سوئی گیس نے نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے مل مالکان کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء محکمہ کے اس فیصلہ کے خلاف ٹیکسٹائل مل مالکان، ایکسپورٹروں اور محنت کشوں نے وزیراعظم اور وزارت پٹرولیم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس فیصلہ پر نظر ثانی کریں اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کو مکمل گیس کی فراہمی معطل کرنے کی بجائے مخصوص وقت کے لئے گیس فراہم کرنے کے احکامات جاری کریں تاکہ محنت کش بے روزگاری سے بچ سکیں اور ٹیکسٹائل انڈسٹری اور ایکسپورٹر جنہوں نے کروڑوں ڈالر مالیت کے مختلف مصنوعات کے آرڈر بک کئے ہوئے ہیں وہ بھاری نقصان سے بچ سکیں۔

( علی)

متعلقہ عنوان :