36 بیڈ ہسپتال آسو گوٹھ کا بہت جلد افتتاح کر دیا جائے گا۔ جان محمد بلوچ

اتوار 13 نومبر 2016 18:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2016ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ اور وائس چیئرمین عبدالخالق مروت نے کہا ہے کہ عوام کو بلدیہ ملیر کے تمام ہسپتالوں اور ڈسپنسریز میں ہر ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں، بلدیہ ملیر کی تمام ڈسپنسریز میں فراہم سہولیات پر بھرپور نظر رکھے ہوئے ہیں، یوسی 10 غازی دائود بروہی کے عوام کیلئے بہت جلد 36 بیڈ ہسپتال کھول دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر عمران اسلم کے ہمراہ آسو گوٹھ 36 بیڈ ہسپتال کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر طاہر ملک اور ڈائریکٹر انفارمیشن جمال ناصر خان بھی موجود تھے۔ چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ کی کاوشوں کے تحت آسو گوٹھ 36 بیڈ ہسپتال کی تزئین وآرائش کا کام مکمل ہوا ہے جس کا بہت جلد افتتاح کر دیا جائے گا، ہسپتال میں عوام کو بہترین طبی سہولیات اور میڈیسن فراہم کی جائیں گی۔