ملک میں ہونے والی دہشتگردی کی کارائیوں میں بھارت ملوث ہے‘ جماعت اسلامی پنجاب

شاہ نورانی درگاہ حملے میں قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے،بیرونی دشمن کیخلاف سیاسی وعسکری قیادت کو مشترکہ حکمت عملی اختیارکرنا ہوگی‘امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد

اتوار 13 نومبر 2016 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2016ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ شاہ نورانی درگاہ پر خود کش حملہ انتہائی قابل مذمت ہے ،دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت70سے زائد قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوس ناک ہے ،نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والے انسانیت کے کھلے دشمن ہیں ان کو مقام عبرت تک پہنچایاجانا چاہئے،کوئی بھی مسلمان مساجد اور دیگر مقدس مقامات پر حملے کا سوچ بھی نہیں سکتا ،واقعہ کی پوری طرح تحقیقات کی جانی چاہئیں اور ذمہ داران کے ساتھ ساتھ پس پردہ قوتوں کو بھی بے نقاب کیاجانا چاہئے ،خفیہ اداروں کی اطلاعات کے مطابق درگاہ شاہ نورانی اور سانحہ کوئٹہ میں بھارت براہ راست ملوث ہے۔

انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبے کے حوالے سے گوادر سے تجارتی قافلے کی روانگی سے صرف ایک روزقبل دہشت گردی کی کاروائی بہت سارے سوالات کو جنم دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے تانے بانے دشمن ملک سے جاملتے ہیں۔ملک میں جاری سیاسی افراتفری اور انتشار کاخاتمہ کرنے کے لیے بیرونی سازشوں کاجواں مردی سے مقابلہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ نریندرمودی نے متعدد بار سی پیک منصوبے کے بارے میں مخالفت کا اظہارکیا جس سے روزروشن کی طرح عیاں ہوچکا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی وارداتیں کون کروارہا ہے۔

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستانی معیشت کی بحالی کامنصوبہ ہے۔اس کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کوناکام بناکر ہی ہم دنیا کے ترقیاتی یافتہ ممالک کی فہرست میں کھڑے ہوسکتے ہیں۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ پاکستان تاریخ کے نازک موڑ سے گزررہا ہے۔ حالیہ دہشت گردی کی خفیہ اطلاعات کے باوجود حکومت اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کویقینی بنانے والے اداروں نے کسی قسم کے حفاظتی اقدامات نہیں کیے جوکہ لمحہ فکریہ اورتشویش ناک امر ہے۔

پاکستان کے خلاف ہندوستان کی سازشوں سے نمٹنے کے لیے سیاسی وعسکری قیادت کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ دشمنوں کو ان کی زبان میں جواب دیا جائے۔ دہشتگردی کی حالیہ کاروائیاں پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرات کا باعث ہیں۔پوری قوم کو متحد ہوکر بیرونی دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑناہوگی۔