خشک میوہ جات کی دکانوں پر خریداروں کا رش بڑھ گیا

اتوار 13 نومبر 2016 18:00

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2016ء) موسم کی انگڑائی کے ساتھ ہی خشک میوہ جات کی دکانوں پر خریداروں کا رش بڑھ گیا اور شہریوں کی بڑی تعداد خشک میوہ جات کی خریداری میں مصروف ہو گئی ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ خشک میوہ جات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو چکاہے ۔

(جاری ہے)

شہریوں کے مطابق رواں سیزن میں چلغوزہ سب سے زیادہ مہنگا ہے جس کی قیمت 24000روپے فی کلو ہے جبکہ (غریب کا بادام) مونگ پھلی 350روپے سے 500روپے فی کلو گرام ،کاجو 1200روپے فی کلو گرام ،کھجور 350روپے فی کلو گرام ،بادام گری 1600روپے فی کلو گرام ،بادام کاغذی 1380تا 1800روپے فی کلو گرام اور اخروٹ 520روپے فی کلو گرام فروخت کیا جا رہا ہے ۔

خشک میوہ جات کی قیمتوں میں جہاں گذشتہ برس کی نسبت اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے وہیں خشک میوہ جات کی دکانوں پر خریداروں کا رش بھی دیکھنے میں آ رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ قیمتیں زیادہ ہونے کے باعث کم مقدار میں خریداری کر رہے ہیں جبکہ خشک میوہ جات کے دکانداروں کا کہنا ہے کہ وہ سارا سال تقریباً فارغ رہتے ہیں اور صرف سیزن کی آمدن سے ہی استفادہ کرتے ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ صدر کینٹ کی نسبت راجہ بازار ،نمک منڈی سمیت دیگر ہول سیل مارکیٹس میں خشک میوہ جات کی قیمتیں خاصی مناسب ہیں ۔