کے ڈی اے آفیسرز کلب کی جانب سے اسپورٹس فیسٹول 2016ء کا انعقاد

اتوار 13 نومبر 2016 17:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2016ء) کے ڈی اے آفیسرز کلب کے زیر اہتمام اسپورٹس فیسٹول 2016ء جاری ہے۔ فیسٹول کا افتتاح مہمان خصوصی ڈی جی اداراہ ترقیات کراچی ناصر عباس اور پاکستان کے سابق معروف کرکٹر صادق محمد نے کیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور منیجنگ و اسپورٹس کمیٹی کے ڈی اے آفیسرز کلب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے 20 لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر کے ڈی اے آفیسرز کلب کے صدر متین شیخ اور جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شاہد محبوب کے ہمراہ دیگر اراکین اسپورٹس کمیٹی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں سید ناصر عباس نے ممبران کے ڈی اے آفیسرز کلب کیلئے گلستان جوہر یا گلشن اقبال کراچی میں کرکٹ اسٹیڈیم تعمیرکرانے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے اور اس سلسلے میں موقع پر موجود انجینئرز کوبھی ہدایات دی کہ اس کی پی سی ون تیار کرکے پیش کی جائے۔

(جاری ہے)

اسپورٹس فیسٹیول 2016ء میں کرکٹ، کیرم بورڈ، ٹینس اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے ہوں گے۔ اس سلسلے میں تمام ان ڈور کھیلوں کے مقابلے کے ڈی اے آفیسرز کلب میں منعقدکئے جا رہے ہیں جبکہ کرکٹ میچز کے لئے کراچی کرکٹ کنٹرول بورڈ گرائونڈ میں مقابلوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ فیسٹیول مقابلوں میں کے ڈی اے کلب، آئی ٹی، اکائونٹ ڈیپارٹمنٹ، انجینئرنگ 1، انجینئرنگ 2 اور ماسٹر پلان ڈیپارٹمنٹ سمیت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔