درگاہ شاہ نورانی بم دھماکہ، سول ہسپتال کراچی میں 33 نعشیں، مختلف ہسپتالوں میں 55 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی

اتوار 13 نومبر 2016 17:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2016ء) درگاہ شاہ نورانی پر ہونے والے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں سے 33 افراد کی نعشیں سول ہسپتال کراچی لائی گئیں جبکہ 55 زخمیوں کو کراچی کے مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق درگاہ شاہ نورانی پر گذشتہ روز ہونے والے ہولناک دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو کراچی کے مختلف ہسپتالوں میں لایا گیا جن میں سول ہسپتال میں 33 افراد کی نعشیں لائی گئیں جبکہ زخمیوں میں سے 41 افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

اسی طرح سے جناح ہسپتال میں 8 اور عباسی شہید ہسپتال میں 6 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ سول ہسپتال میں لائی جانے والی 33 نعشوں میں سے 29نعشوں کو شناخت کے بعد لواحقین کے سپرد کر دیا گیا، تاحال 4 نعشوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔

(جاری ہے)

سول ہسپتال میں لائے جانے والے زخمیوں میں سے 21 افراد کو طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا جبکہ 20 افراد کو تاحال طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

سول ہسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں احسن علی، اسماء اختر، محمد دانش، پرویز، زبیدہ، احسان، نعمان احسان، شہلا، اسلم، علی رضا، عبدالرحمان، عدنان، عمران، خرم، اقراء، امہ فروا، شیر بانو، لبنیٰ، شاہدہ، ثمرین، افروز، اکبر، فرحان، بابو، اللہ ڈینو، محمد یاسین، اقصیٰ رضا، طاہر راج اور کومل راج شامل ہیں جبکہ 4 نعشوں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی۔

زخمیوں میں ندا فرقان، وقار، علی، وقاص، توصیف، سمیر، توصیف، اسماء پرویز، نعمان، پیر ولی، افتخار، کاشف، بلال، عبدالرحمان، اخلاق، ملائکہ، ذیشان، خدا ڈینو، فیصل، مان، حسنہ، ثمینہ، سلمان، غلام اکبر، بلال، عمران، شاہینہ، فیصل، عمیر، محمد راشد، افضل، مہک، علی رضا، رابعہ، کوثر، محمد قاسم، مومل، امیر بخش، طاہر بروہی اور نادیہ شامل ہیں۔

جناح ہسپتال ذرائع کے مطابق 8 زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال لایا گیا جن میں سے 7 کو طبی امداد کے بعد رخصت کر دیا گیا ہے جبکہ ایک زخمی خاتون کو ہسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔ زخمیوں میں شبانہ، علی، شہباز، ندا، نورالعین، زینب، روشن بی بی اور افضل شامل ہیں۔ عباسی شہید ہسپتال ذرائع کے مطابق ہسپتال میں 6 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جن میں مہوش، دانش، صابر، عقیلہ، عاطف اور خدا بخش شامل ہیں۔