باباگرونانک کی تعلیمات محبت، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں

انکی پیدائش کے موقع پر ساری دنیا سے آنیوالے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہیں‘خلیل طاہر سندھو

اتوار 13 نومبر 2016 16:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2016ء) صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ بابا گرونانک کی تعلیمات محبت، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں،انہوںنے ساری زندگی انسانیت سے محبت اور حکمت کا سبق دیا،ان کی پیدائش کے موقع پر ساری دنیا سے آنے والے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہیں- باباگرونانک کی پیدائش کے موقع پر ننکانہ صاحب میں کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھونے کہاکہ ہر سال کی طرح اس سال بھی گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات روایتی مذہبی جوش و جذبے کے مطابق ہوںگی- حکومت پنجاب اور محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کی طرف سے ننکانہ صاحب گرودوارہ(Gurdwara) میں جنم دن کے موقع پر کیک کاٹا جائے گا- حکومت پنجاب آنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتی ہے او ر ان کی دیکھ بھال کے لئے بہترین اقدامات کئے گئے ہیں-صوبائی وزیر نے کہاکہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم ایسے مواقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے محبت ، رواداری اورمذہبی ہم آہنگی کے جذبے کو فروغ دیں ، دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھ مہمان پاکستان سے محبت اور امن کا پیغام لے کر جائیں گی-

متعلقہ عنوان :