بھارت نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے ، یورپی یونین حقائق کی چھان بین کیلئے اپنا وفد مقوضہ کشمیر بھیجے، وزیر اعظم آزاد کشمیر

اتوار 13 نومبر 2016 12:40

برسلز۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2016ء) وزیراعظم آزادکشمیرراجہ فاروق حیدر نے کہاہے کہ بھارت نے گذشتہ چار ماہ کے دوران نہتے کشمیریوں پر مظالم کی انتہاکررکھی ہے اور مسلسل کرفیواور پابندیوں کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز کے اہلکار پیلٹ گن سے کشمیری نوجوانوں کو بصارت سے محروم اور انکے چہروں کو مسخ کر رہے ہیں ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راجہ فاروق نے اپنے دورہ یورپ کے اختتام پر برلن میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں ظالم او رمظلوم کے درمیان جنگ بپاہے اور بھارت انتہائی ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے جموںوکشمیر پر اپنا غیر قانونی قبضہ برقرار رکھنا چاہتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری مرد و زن بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں اور بھارت کے تمام تر جبر و استبداد کے باوجو دانکے حوصلے بلند ہیں اور وہ تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہچانے کے لیے انتہائی پر عزم ہیں۔

(جاری ہے)

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ انھوں نے یورپی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں ان پر زوردیا کہ یورپی یونین بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدوں میں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کے مسئلے کو نظراندازنہ کرے اور حقائق کی چھان بین کے لئے ایک وفد مقبوضہ کشمیربھیجے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیرکونسل یورپی یونین کے زیراہتمام یورپی پارلیمنٹ میں سالانہ کشمیریورپی یونین ویک مسئلہ کشمیرکو یورپ میں اجاگرکرنے کے لئے ایک اہم فورم ہے۔

انہوں نے یورپ میں مقیم تارکین وطن کشمیریوں اور پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کواجاگر کرنے کیلئے اپنی کوششوں میں تیزی لائیں۔یا د رہے کہ وزیر اعظم آزادی وہ کشمیرکونسل ای یوکے سربراہ علی رضاسید کی دعوت پر یورپ آئے تھے۔انھوں نے بلجیم میں تین روزتک قیام کیاجہاں انھوں نے یورپی پارلیمنٹ میں کشمیرکونسل ای یوکے زیراہتمام کشمیر یورپی یونین ویک کی تقریبا ت میں بھی شرکت کی اور اراکین یورپی پارلیمنٹ اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔

دریں اثنا کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضاسیدنے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ وہ وزیراعظم آزادکشمیرراجہ فاروق حیدر اور سینئروزیرچوہدری طارق فاروق کے شکرگزار ہیں کہ انھو ں نے کشمیرای یو۔ویک میں شرکت کرکے انکی حوصلہ افزائی کی ہے۔علی رضا سید نے کہاکہ انہیں وزیراعظم راجہ فاروق حیدرخان نے یقین دلایاہے کہ وہ مسئلہ کشمیرکو اجاگرکرنے سلسلے میں کشمیرکونسل ای یو کے ساتھ اپناتعاون جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :