اپنے رقص پر میں بالکل شرمندہ نہیں‘غدیر احمد

غدیر نے رقص کی ویڈیو اپنے بوائے فرینڈکو بھیجی تھی جواس نے آن لائن پوسٹ کردی

اتوار 13 نومبر 2016 11:10

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2016ء)مصر کی غدیر احمد نے جب اپنے رقص کی ویڈیو اپنے بوائے فرینڈ کو بھیجی تو بالکل نہیں سوچا تھا کہ وہ اسے آن لائن پوسٹ کر دے گا مگر کئی برسوں کے بعد اس نے ایسا کر ہی دیا۔ مگر غدیر نے اس پر شرمندہ ہونے سے انکار کر دیا ہے۔ 2009 میں میں 18 سال کی تھی۔ میں اور میری سہیلیوں کا گروپ اپنی ایک دوست کے گھر میں تھے۔

مصر میں کہیں بھی لڑکیوں کو کھلے عام ناچنے کی اجازت نہیں ہے۔ لہٰذا ہم بند دروازے کے پیچھے ایک ساتھ ناچتی ہیں۔میں نے اپنی ایک سہیلی سے کہا کہ وہ میرے موبائل فون پر میرا ناچتے ہوئے ویڈیو ریکارڈ کر دے۔ اس ویڈیو میں کچھ بھی فحش نہیں تھا۔ لیکن میں نے چھوٹے کپڑے پہن رکھے تھے، جس سے میرا جسم دکھائی دے رہا تھا۔

(جاری ہے)

میں نے کچھ دنوں کے بعد یہ ویڈیو اپنے بوائے فرینڈ کو بھیج دی۔

یورپ یا امریکہ میں یہ کوئی بڑی بات نہیں مگر میں مصر کے ایک عام مسلمان خاندان سے ہوں۔مصر کی زیادہ تر لڑکیوں کی طرح مجھے بتایا گیا تھا کہ شوہر کے سوا کسی مرد کو یہ حق نہیں کہ وہ میرا جسم دیکھے۔میں ان دنوں گھر سے باہر نکلنے پر حجاب پہنا کرتی تھی۔ میں جانتی تھی کہ اس طرح کی ویڈیو اس آدمی کو بھیجنا جو میرا شوہر یا منگیتر تک نہیں تھا ایک خطرناک کام تھا۔ خیر، میں نے اسے بھیج ہی دیا۔ بعد میں میں نے اور خطرناک کام کر دکھایا اور اسے کچھ ذاتی تصاویر بھی بھیج دیں۔