تٴْرکی میں 370 غیر سرکاری تنظیموں کی سرگرمیوں پرپابندی

اتوار 13 نومبر 2016 10:40

انقرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2016ء) ترک حکام نے ملک میں سرگرم ’این جی اوز‘ کے خلاف ایک نیا کریک ڈاؤن شروع کیا ہے جس کے تحت اب تک 370 تنظیموں کی سرگرمیوں پرپابندی عاید کردی گئی ہے۔ ترک حکومت کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے شبے میں سیکڑوں غیر سرکاری تنظیموں [این جی اوز] کے دفاتر سیل کیے گئے ہیں۔

ان میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے اور بچوں کی بہبود کی تنظیمیں بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تٴْرکی میں غیرسرکاری تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن رواں سال جولائی میں حکومت کے خلاف فوج کے ایک گروپ کی بغاوت کی ناکام کوشش کے بعد کیا گیا ہے۔ترکی کے نائب وزیراعظم نعمان قورتولموش نے ملک میں سرگرم مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث تنظیموں پر پابندی کا دفاع کیا ہے۔ قبل ازیں جمعہ کے روز ترک وزارت داخلہ کی طرف سے سیکڑوں تنظیموں کے دفاتر سیل کیے جانے کی تصدیق کی تھی۔نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تنظیموں پر مکمل پابندی عاید نہیں کی گئی۔ البتہ ان کی سرگرمیوں کو بند کردیا گیا ہے۔ یہ اس بات کا بین ثبوت ہے کہ یہ تنظیمیں دہشت گرد گروپوں کے ساتھ وابستہ ہیں۔