شکست کا ذمہ دار ایف بی آئی کا ڈائریکٹرہے ، کلنٹن

اتوار 13 نومبر 2016 10:20

شکست کا ذمہ دار ایف بی آئی کا ڈائریکٹرہے ، کلنٹن

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2016ء) ہلیری کلنٹن نے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کی مداخلت کو اپنی شکست کا ذمہ دار قرار دے دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ انتخابات سے صرف دو ہفتے قبل جیمز کومی کی جانب سے ان کے بطور وزیرِ خارجہ ای میل کے استعمال کے بارے میں تحقیقات کھولنے کے اعلان نے ان کی مہم کے تحرک کو متاثر کیا۔ہلیری کلنٹن اپنی جماعت کے عطیہ دہندگان سے فون پر گفتگو کر رہی تھیں جو میڈیا پر افشا کر دی گئی۔

(جاری ہے)

28 اکتوبر کو جیمز کومی نے کانگریس کو خط لکھ کر مطلع کیا تھا کہ وہ کلنٹن کی ای میلز کے بارے میں اس تفتیش کا ازسرِ نو آغاز کر رہے ہیں جو جولائی میں ختم کر دی گئی تھی۔اس کے بعد انتخابات سے صرف دو روز قبل انھوں نے ایک اور خط میں کہا کہ وہ اپنے ابتدائی جائزے پر قائم ہیں کہ کلنٹن کے خلاف فردِ جرم عائد نہیں کی جائے گی۔کلنٹن نے عطیہ دہندگان سے کہا: 'انتخابات میں ناکامی کی بہت سے وجوہات ہیں، لیکن ہمارا تجزیہ یہ ہے کہ کومی کے خط نے، جس میں بیبنیاد شکوک اٹھائے گئے تھے، ہمارا تحرک ختم کر دیا۔ ہم گر گئے اور اس کے بعد ہمیں سخت جدوجہد کرنا پڑی۔امریکی میڈیا کے مطابق انھوں نے یہ بھی کہا کہ کومی کے دوسرے خط نے ٹرمپ کے حامیوں کو مزید توانائی دے دی۔