نیب ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے موثر حکمت عملی کے تحت کام کررہا ہے ، نیب کی موجودہ ٹیم کی کاوشوں سے کرپٹ عناصر سے 278 ارب روپے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے گئے ہیں

چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی چینی صوبہ ہوبے کے انسداد بدعنوانی کے قومی بیورو کے ڈائریکٹر جنرل اور ڈی جی امور خارجہ آفس سے ملاقات ، دوطرفہ اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

ہفتہ 12 نومبر 2016 23:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 نومبر2016ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے چین کے صوبے ہوبے کے انسداد بدعنوانی کے قومی بیورو کے ڈائریکٹر جنرل ہوچن گن اور ڈی جی امور خارجہ آفس چن پیولو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ کرپشن کسی بھی ملک کو کینسر کی طرح متاثر کرتی ہے۔

قومی احتساب بیورو کا قیام ایک اعلیٰ ادارہ کے طور پر ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے موثر حکمت عملی کے تحت کام کررہا ہے اور نیب کی موجودہ ٹیم کی کاوشوں سے کرپٹ عناصر سے 278 ارب روپے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیب کی ٹیم نے کرپشن کے خاتمے کیلئے پوری لگن سے کام کیا ہے اور نیب پر شہریوں کی طرف سے اعتماد بڑھا ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط سے دونوں ممالک کے درمیان بدعنوانی کی روک تھام کے لئے تعاون مزید مستحکم ہوگا، پاکستان نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے قانون پر عمل درآمد اور آگہی و تدارک پر مبنی جامع پالیسی وضع کی ہے، پاکستان بدعنوانی کی روک تھام کے حوالے سے سارک ممالک کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔

قمر زمان چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے قانون پر عمل درآمد اور آگہی و تدارک پر مبنی جامع پالیسی وضع کی ہے، پاکستان بدعنوانی کی روک تھام کے حوالے سے سارک ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ پاکستان واحد ملک ہے جو ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل کے پرسپشن کرپشن انڈیکس میں 2015ء میں 175 ویں سے 126 ویں نمبر پر اور 2016ء میں 126 ویں سے 117 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

چینی حکام نے نے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی قیادت میں نیب کی بدعنوانی کی روک تھام کے لئے کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری اور انسداد بدعنوانی کے لئے مزید تعاون کی ضرورت کے بارے میں اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان بدعنوانی کی روک تھام کے لئے مفاہمت کی یادداشت اہمیت کی حامل ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان بدعنوانی کی روک تھام کے لئے تعاون مزید مستحکم ہوگا۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے مزید بتایا کہ نوجوانوں میں کرپشن کے اثرات سے متعلق آگاہی اور شعور اجاگر کرنے کیلئے اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے گئے ہیں اور جامعات میں 42 ہزار کردار سازی کی سوسائٹیز بھی قائم کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین کرپشن کے خاتمے کیلئے ایم او یو پر دستخط کے بعد معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے سال 2015-16ء کے دوران کرپشن کے خلاف موثر اور منظم مہم چلائی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام شراکت داروں خاص طور پر شہریوں، سول سوسائٹی اور میڈیا کا کردار اس سلسلے میں بہت اہم ہے۔

اس موقع پر چین کے شعبہ نیشنل بیورو آف کرپشن پریوینشن کے ڈی جی ہوچن گن نے کرپشن کے خاتمے کیلئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی سربراہی میں کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین کرپشن کے خاتمے کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین کرپشن کے خاتمے کیلئے ایم او یو پر دستخط اہم قدم ہے اور دونوں ممالک کو بدعنوانی کے خاتمے کیلئے باہمی تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :