کشمیر کی تحریک آزادی فیصلہ کن موڑ میں داخل ہوچکی ہے،اساتذہ جماعة الدعوة پاکستان کے مسئول حافظ طلحہ سعید

ہفتہ 12 نومبر 2016 23:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 نومبر2016ء) اساتذہ جماعة الدعوة پاکستان کے مسئول حافظ طلحہ سعید نے کہا ہے کہ کشمیر کی تحریک آزادی فیصلہ کن موڑ میں داخل ہوچکی ہے، سیاسی جماعتیں اندرونی اختلافات میں الجھ کر کشمیر کاز کو نقصان نہ پہنچائیں۔ ڈولنڈ ٹرمپ عالم اسلام سے متعلق اپنے ناپاک عزائم کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام رہیں گے۔

اتحاد و یکجہتی کے ذریعے ہی دشمنوں کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔ اساتذہ کرام قوم کا عظیم سرمایہ ہیں، نوجوانوں میں فکری انتشار کے اسباب تلاش کرکے اس کا سدباب کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ کراچی کے دوران گلشن اقبال میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ بلال حیدر و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حافظ طلحہ سعید نے کہا کہ ہماری جدوجہد کا مقصد اساتذہ کرام کو تعلیم کے میدان میں ان کے عظیم کردار سے متعارف کرانا ہے۔

عصری علوم کے میدان میں مغربی طرز تعلیم کو اختیار کرنے سے مسلمان فکری طور پر انتشار کا شکار ہیں۔ تعلیمی اداروں کی اصلاح اور اساتذہ کی تربیت کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو اسلامی نظریے پر مبنی نصاب تعلیم مہیا کرنا وقت کی ضرورت بن چکا ہے، تعلیم کے میدان میں غیر ملکی سازشوں کو ہر سطح پر بے نقاب کرنا ہوگا، مغربی ممالک کی خواہش ہے کہ مسلم ممالک کے تعلیمی مراکز میں ایسے افراد تیار کیے جائیں جو مکمل طور پر ان کے نظاموں کی اتباع کریں، ملک گیر سطح پر تعلیمی اداروں اور اساتذہ کی تربیت کرکے ان سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :