لسبیلہ ، درگاہ شاہ نورانی میں دھماکہ، 20افراد جاں بحق، 100سے زائد زخمی ،ہلاکتوںمیں اضافے کا خدشہ

دھماکے کے بعد تمام ہسپتالوںمیں ایمرجنسی نافذ ، پولیس اور لیویز کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے ، علاقے کو گھیرے میں لے لیا،دھماکے کے وقت 500کے قریب افراد موجود تھے ،حکام

ہفتہ 12 نومبر 2016 23:01

لسبیلہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 نومبر2016ء) بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں واقع درگاہ شاہ نورانی میں دھماکے کے نتیجے میں 20افراد جاں بحق اور 100سے زائد زخمی ہوگئے ،ہلاکتوںمیں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہاہے،تمام ہسپتالوںمیں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ پولیس اور لیویز کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو ضلع خضدار میں درگاہ شاہ نورانی میں دھماکے کے نتیجے میں 20افراد جاں بحق اور 100سے زائد زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ۔زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے ۔مذکورہ علاقہ حب شہر سے 100 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر قائم ہے اور راستہ انتہائی خراب ہے۔ درگاہ شاہ نورانی میں ہفتے کے روز شام گئے دھمال کا آغاز ہوتا ہے جس میں سیکڑوں افراد شرکت کرتے ہیں اور دھماکا اسی مقام پر ہوا ہے جہاں دھمال جاری تھا۔جس وقت دھماکہ ہوا وہاں 500کے قریب افراد موجود تھے ۔دھماکے کے بعد تمام ہسپتالوںمیں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ پولیس اور لیویز کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔