معیاری تعلیم ہی دیرپا قومی ترقی اور خوشحال معاشرے کی ضامن ہے ،ْ وزیراعلیٰ پرویز خٹک

نوشہرہ میں کامرس اینڈ مینجمنٹ سائنسز کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر خطاب

ہفتہ 12 نومبر 2016 22:54

نوشہرہ۔12نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے مانکی شریف ضلع نوشہرہ میں گورنمٹ کالج آف کامرس اینڈ مینجمنٹ سائنسز کی نئی عمارت کا افتتاح کیااس موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کالج کی نئی عمارت کی تعمیر پر83.396ملین روپے لاگت آئی ہے جو 34کنال اراضی پر مشتمل ہے۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر مذکورہ کالج کو پوسٹ گریجویٹ کالج کا درجہ دینے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اس میں ایم کام ،ْایم بی اے اور دیگر مینجمنٹ سائنسز کے کورسز کی تعلیم بھی دی جائے گی انہوں نے ڈی جی شکیل احمد کوفوری طورپر اس کالج کی پوسٹ گریجویٹ کرنے کی سمری مو وکرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر طلباء سے کہا کہ وہ وقت کی اہمیت کو سمجھیں اور اس سے استفادہ کریں ،ْگزرا ہوا وقت واپس نہیں آتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یقین دلایا کہ طلباء اب مزید تکالیف برداشت نہیں کریں گے ۔ ہم انہیں تعلیم و تربیت کے بہترین مواقع فراہم کر رہے ہیں ۔ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار تعلیم بلند ہو رہاہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ معیاری تعلیم ہی دیرپا قومی ترقی اور خوشحال معاشرے کی ضامن ہے۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر عبدالولی خان یونیوسٹی ٹاپ کرنے والے طالب علم محمد نعمان اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو انعامات سے نوازا اس موقع پر ڈی جی شکیل احمد نے ضلع ناظم اور وزیر اعلیٰ کوشیلڈ پیش کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر میا ں جمشید الدین کاکا خیل ،ضلع ناظم لیاقت خٹک، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، ایم پی اے میاں خلیق الرحمان، ضلع نائب ناظم اشفاق خٹک، حاجی حسین احمد خٹک، ڈائریکٹرجنرل شکیل احمد خان اور دیگر ممبرا ن بھی تقریب میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :