درگاہ شاہ نورانی میں ہونے والا دھماکہ انتہائی افسوسناک ہے، انوارالحق کاکڑ

ہفتہ 12 نومبر 2016 21:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2016ء) بلوچستان حکومت کے ترجمان انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ درگاہ شاہ نورانی میں ہونے والا دھماکہ انتہائی افسوسناک ہے جس میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، ابھی تک ہلاکتوں کے بارے میں حتمی طورپر کچھ نہیں کہا جا سکتا کیونکہ علاقے کے دور افتادہ ہونے کی وجہ سے یہاں ریسکیو آپریشن میں بھی مشکلات کا سامنا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ امن کے دشمنوں کی یہ کارروائی ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتی اس لیے ہم دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہاں مزار شریف کے حوالے سے کوئی مخصوص سکیورٹی خدشات تو نہیں تھے اسی وجہ سے یہاں سکیورٹی بھی معمول کے مطابق ہی تھی، یہاں مزار شریف پر حاضری کے لیے معمول کے مطابق بھی سینکڑوں لوگ موجود ہوتے ہیں، ترجمان حکومت بلوچستان کا کہنا تھا کہ درگاہ کے دور دراز ہونے اورپہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے لیکن بلوچستان حکومت کی انتظامیہ کے لوگ زخمیوں کو امدادی سرگرمیوں کی فراہمی کے لیے یہاں پہنچ گئے ہیں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :