بھکر،چہلم حضرت امام حسین ؓکے مواقع پر سیکیورٹی اور لاء اینڈ آرڈر پلان کو حتمی شکل دیدی گئی

ہفتہ 12 نومبر 2016 20:58

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 نومبر2016ء)ضلعی امن کور کمیٹی نے گیارہ /بارہ صفر اور چہلم حضرت امام حسین ؓکے مواقع پر سیکیورٹی اور لاء اینڈ آرڈر پلان کو حتمی شکل دے کر اس پر عملدرآمد کی منصوبہ بندی مشاورتی بنیادپر وضع کرلی ہے۔ضلعی امن کورکمیٹی کے معزز اراکین نے اس عزم کااعادہ کیاہے کہ امن عامہ کونقصان پہنچانے والے عوامل کے بروقت قلع قمع کیلئے ضلعی انتظامیہ وپولیس کو بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی۔

ڈی سی او احمد مستجاب کرامت نے اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈی پی او خالد مسعود بھی موجودتھے۔ضلع میں امن عامہ برقرار رکھنے کے ضمن میں ڈی سی او اور ڈی پی او نے ضلعی امن کورکمیٹی کے معزز اراکین کے مثالی تعاون ومشاورت کو سراہا۔انہوں نے کہاکہ گیارہ /بارہ صفر اور چہلم حضرت امام حسین ؓکے مواقع پر فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات مربوط انداز میں برقرار رکھنے کیلئے اراکین کورکمیٹی کی تجاویز ومشاورت کواولیت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈی پی او خالد مسعود نے شرکائے اجلاس کوپولیس سیکیورٹی پلان کی تفصیلات سے آگاہ کیااور بتایا کہ یہ سیکیورٹی پلان بھی عشرہ محرم کی طرز پرمرتب کیاگیاہے اور امن دشمن کارروائیوں کو سختی سے روکا جائیگا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راناآفتاب احمد خاں،سید سکندررضانقوی،سید قمر عباس زیدی،سید قیصر عباس نقوی،عرفان اللهخان نیازی،رانامحمدحنیف اور دیگر اراکین نے کہاکہ ضلع میں امن ورواداری اور اتحاد ویگانگت کی فضا کو مزید مستحکم بنانے کیلئے حسب روایت مثالی کوششیںجاری رکھی جائیں گی اور معاشرہ میں امن دوستی کے جذبہ کو فروغ دینے میں بھرپور معاونت کی جائے گی تاکہ ضلع کی پرامن فضا کوبیرونی شرپسندی سے محفوظ رکھاجاسکے۔