تاجر برادری سماجی بہبودکے لیے اپنا کردار اداکرے ،عبدالمجید امجد

ہفتہ 12 نومبر 2016 20:47

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 نومبر2016ء)آر سی سی آئی کی قائمہ کمیٹی برائے ’’اجتماعی سماجی ذمہ داری ‘‘کے چیئرمین قائمہ کمیٹی عبدالمجید امجد نے کہاہے کہ تاجر برادری سماجی بہبودکے لیے اپنا کردار اداکرے ، خدا کے دیئے ہوئے مال میں سے مخلوق خدا پر خرچ کرنے سے روحانی خوشی حاصل ہوتی ہے اور مال میں کمی نہیں ہوتی بلکہ اللہ رب العزت رزق میں کئی گنا اضافہ فرماتے ہیں ، سماجی شعبے کی ترقی کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے لیے کمیٹی کے زیر اہتمام بہت جلد ’’قومی سماجی کانفرنس ‘‘ منعقد کی جائے گی ۔

انہوںنے کہاکہ کارپوریٹ انڈسٹریز اور تاجروں کے بڑے گروپس کو سماجی شعبہ کی جانب راغب کریں گے تاکہ ضلع راولپنڈی کے عوام اور تاجروں کی فلاح کے میگا پراجیکٹس کا آغاز کیاجاسکے ۔

(جاری ہے)

عبدالمجید امجد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیاکہ قائمہ کمیٹی سماجی بہبود کے شعبہ کی وسعت کے پیش نظر بہت جلد ’’قومی سماجی کانفرنس کا انعقاد کرے گی جس کی حتمی تاریخ کا اعلان چند ذیلی کمیٹیوں کی تشکیل کے بعد کر دیاجائے گا۔

چیئرمین نے کہاکہ دیہی علاقوں میں تعلیم ،صحت اور کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کرنا ضروری ہے تاکہ احساس محرومی کا خاتمہ کیاجاسکے اور نئی نسل کو تربیت دے کر معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جا سکے ۔اس سے جرائم میں کمی ہو گی اور نوجوان قومی دھارے میں فعال کردار ادا کر کے پاکستان کو صف اول کا ملک بنانے میں اپنی احسن شمولیت کو یقینی بنا سکیں گے ۔

عبدالمجید امجد نے اراکین قائمہ کمیٹی پر زور دیاکہ وہ نئے سال میں سماجی بہبود کے کاموں کے اہداف کے حصول کے لیے کمربستہ ہو جائیں ۔قائمہ کمیٹی کی وائس چیئر پرسن فرح خان نے خواتین کے مسائل پر روشنی ڈالی اور ان کی ہر ممکن مدد کے لیے دستکاری سمیت دیگر شعبہ جات میں نئے منصوبے شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا قائمہ کمیٹی برائے سماجی بہبود کے اجلاس میں صدر آر سی سی آئی راجہ عامر اقبال نے بھی شرکت کی اور کمیٹی کے ماضی کے منصوبوں کو سراہا اور اراکین کو مزید فعالیت سے اپنا کردار ادا کرنے کی تلقین کی ۔

راجہ عامر اقبال نے کمیٹی کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دھانی کرائی اور کہاکہ وہ کمیٹی کی افادیت سے آگاہ ہیں اور کمیٹی جو بھی منسوبے شروع کرے گی ان کے لیے فنڈز اکٹھے کیے جائیں گے ۔صدر آر سی سی آئی راجہ عامر اقبال نے چیئرمین کمیٹی کی جانب سے ’’قومی سماجی کانفرنس ‘‘کے انعقاد کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا اور کہاکہ وہ مکمل پر امید ہیں کہ کمیٹی کے چیئرمین رواں برس بھی اعتماد پر پورا اتریں گے ۔