پہلا لانگ بیچ آئی ٹی ایف سینئر ز ورلڈ رینکنگ ٹینس ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوگیا،اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی بابائے ٹینس محمد صدیق اور نعیم صدیقی سڈ تھے

ہفتہ 12 نومبر 2016 20:33

لاہور۔12 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2016ء) پہلا لانگ بیچ آئی ٹی ایف سینئر ز ورلڈ رینکنگ ٹینس ٹورنامنٹ 2016ء اختتام پذیر ہوگیا۔ رشید ملک ایک اور ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔ رشید ملک نے زبردست مقابلے کے بعدخیبر پختونخوا کے اسرار گل کو 45 پلس سنگل میں شکست دی۔پہلے سیٹ میں دونوں نے شاندار کھیل پیش کیا اور سیٹ ٹرائی بریک پر چلا گیا۔

رشید ملک نے اپنے تجربے کی بدولت ٹائی بریک پر سیٹ 7-6 سے جیت لیا۔ دوسرے سیٹ میں بھی دلچسپ مقابلہ ہوا۔ جو رشید ملک نے 6-3 سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔قبل ازیں 35 پلس سنگل کے فائنل میں فیاض خان نے شہزاد خان کو 6-4, 6-4 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ 60 پلس ڈبلز کے فائنل میں اسد نیاز اور وقار نثار نے زاہد رائے اور افتخار احمد رائو کو 6-2, 6-3 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

(جاری ہے)

آخری دن کے آخری فائنل میں 65 پلس ڈبلز میں چودھری مشتاق احمد اور لئیق احمد پیرزادہ نے شاہد محمود اور نوید نجم کو 6-2, 6-1 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی بابائے ٹینس محمد صدیق اور سی ای او لانگ بیچ ٹینس سنٹر نعیم صدیقی سڈ تھے۔ اس موقع پر پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے چیئرمین رائو افتخار، سیکرٹری رشید ملک، خزانچی رائے زاہد، چیف ریفری شہزاد علوی دیگر ممبران اور تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ سڈصدیقی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے کہ ٹورنامنٹ احسن طریقے سے مکمل ہوا۔ جیتنے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کھیلوں کے فروغ کیلئے اچھا کام کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :