معیشت کے بارے میں عالمی اداروں کی رپورٹیں پریشان کن ہیں،پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل

ہفتہ 12 نومبر 2016 19:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 نومبر2016ء) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے معیشت کے متعلق آئی ایم ایف اورورلڈ بینک کی رپورٹیں پریشان کن ہیں۔ حکومت فوری طور پر معیشت کی بحالی کیلئے اقدامات کرے اور اصلاحات کا عمل تیز کرے کیونکہ برامدات، ترسیلات اور سرمایہ کاری مسلسل کم ہو رہی ہے۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ دونوں عالمی اداروں کی رپورٹیں بظاہر حوصلہ افزائ ہیں جن میں نصف دہائی بعدشرح نمو کا 5.4فیصد تک پہنچنے، چینی سرمایہ کاری اور عرصہ دراز بعد اقتصادی استحکام کو سراہا گیا ہے۔

تاہم انہی اداروں نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ معاشی ترقی کے ثمرات سے عام آدمی ابھی تک محروم ہے جبکہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ مالی اور دیگر امور کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مغل نے کہا کہ ان اداروں کے مطابق برطانیہ اور یورپی یونین میں عدم استحکام سے پاکستانی برامدات مزید متاثر ہو سکتی ہیں جبکہ تیل کی کم قیمتوں کی وجہ سے ترسیلات بھی متاثر ہوتی رہینگی جس کے لئے حکومت اقدامات کرے۔

توانائی کا شعبہ جس نے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے کچھ بہتر ہو گیا ہے مگر ابھی مکمل طور پر مستحکم نہیں ہوا جس کے لئے اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ٹیکس نیٹ میں فوری اضافہ نہیں کیا گیا تو تجارتی خسارہ قابو سے باہر ہو جائے گا اسلئے حکومت فوری اقدامات کرے۔

متعلقہ عنوان :