سندھ کا ورکرز کنونشن صوبہ سندھ کے عوام کیلئے امید کی کرن اور گھٹاٹوپ اندھیرے میں روشنی کی نوید ہے

جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی کا پیغام

ہفتہ 12 نومبر 2016 19:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 نومبر2016ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی سندھ کا ورکرز کنونشن صوبہ سندھ کے عوام کیلئے امید کی کرن اور گھٹاٹوپ اندھیرے میں روشنی کی نوید ہے۔یہ بات انہوں نے 26تا27نومبر کو باغ جناح کراچی میں ہونے والے دوروزہ ورکرز کنونشن کے حوالے سے کارکنان کے نام جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ ورکرزکنونشن ایک ایسے مرحلہ میں ہورہا ہے جب ملک وصوبہ بحرانوں سے دوچار ہے، پورا صوبہ کھنڈرات میں تبدیل ہوچکا ہے، صوبے میں آنے والی حکومتوں نے عوام کی زندگی بہتر بنانے کی کوئی کوشش نہیں کی ،شہروں کی حالت یہ ہے کہ ہر جگہ کچرے کے ڈھیر موجود ہے نکاسی آب کی صورتحال انتہائی خستہ حال ہے اور صاف پانی کی فراہمی کا نظام متاثر ہے ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

اوور بلنگ ، لوڈ شیڈنگ اور کنڈا سسٹم نے بجلی کے پورے نظام کو تباہی سے دوچار کردیاہے۔ عوام کے مسائل حل ہونے کے بجائے اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت گذشتہ کئی ادوار کا تسلسل ہے مگر عوام کے مسئلہ کے حل کا کوئی پروگرام اس کے منصوبہ میں شامل نہیں ہے۔ کرچی سندھ کا دار الخلافہ ہونے کے ساتھ پورے پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے۔

کئی دہانیوں سے کراچی پر حکمرانی کرنے والوں نے اس شہر کو بدامنی ، بے روزگاری ، قتل و غارت گری اور ٹارگٹ کلنگز کا تحفہ دیا ہے اور یہاں کے بنیادی مسائل کو حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی ہے۔آج بھی سندھ کا عام آدمی کرپشن، غربت، مہنگائی، بھوک وبدحالی ،بیروزگاری،ذلت وناانصافی اور جہالت کا شکار ہے۔بے دین وبے راہ روی اور بے حیائی کو منظم طور پر پھیلایاجارہا ہے، نوجوانون کے سامنے مستقبل کی کوئی امید نہیں، ظلم کے نظام نے انسانوں سے خوشیاںچھین لی ہیں،دیہات ہوں یا شہر بدامنی اور بدحالی سندھ کے عوام کا مقدر بنی ہوئی ہے۔

عام آدمی شدید گھٹن اور مایوسی کا شکار ہے اس کے سامنے ترقی کا کوئی راستہ نہیں ہے،گذرتے وقت کے ساتھ حکمرانوں کے اثاثے تو بڑھ رہے ہیں لیکن عوام کا مقدر محرومیوں کے ساتھ سسک کر جینا ہی رہ گیا ہے۔اس ساری صورتحال میں جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے جو معاشرے میں انبیائ کرام کی دعوت کو لے کر کھڑی ہوئی ہے جو سیرت وکردار میں اصلاح کے بغیر تبدیلی کے نعرے کو کھوکھلا سمجھتی ہے جو عوام الناس میں سے ہے اور خالص دعوتی انداز میں تربیت واصلاح معاشرہ کے مراحل سے گذرتے ہوئے ایک حقیقی اور پائیدار تبدیلی کی بات کرتی ہے۔

اسلئے ضرورت اس بات کی ہے کہ ورکرز کنونشن کو کامیاب بنانے کیلئے ہم سب کو اپنا اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے، اگر ہم نے اپنا کردار بھرپور طور پر ادا کیا تو ان شائ اللہ ، اللہ کی نصرت کے ساتھ باب الاسلام سندھ اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کے راستہ کا ہر اول دستہ ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :