کامونکے، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں مبینہ طور پر زائد المعیاد انجکشن لگنے سے 50سالہ شخص ہلاک ہوگیا

ہفتہ 12 نومبر 2016 19:17

کامونکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2016ء) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں مبینہ طور پر زائد المعیاد انجکشن لگنے سے پچاس سالہ شخص ہلاک ہوگیا۔ورثا کا شدید احتجاج ڈاکٹر ڈیوٹی چھوڑ کر فرار ہوگیا۔بتایا گیا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات منڈیالہ روڈ کے محمد بشیر کو پیٹ میں درد محسوس ہوا ۔اُس کے ورثا اُسے رات ایک بجے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں لے گئے۔

جہاں پر مبینہ طور پر ڈسپنسر سویا ہوا تھا اور ڈیوٹی ڈاکٹر اعجاز احمد نے وارڈ سرونٹ سے مریض کو انجکشن لگوادیا۔جس سے مریض شریان میں انجکشن لگتے ہی دم توڑ گیا۔اُسکا چہرہ سُرخ ہوگیا۔ڈاکٹر نے لواحقین کو بتانے کی بجائے اُنہیں مریض کو ڈی ایچ کیو ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کرنے کی ہدائت کی ۔

(جاری ہے)

اس دوران ہسپتال کے عملہ نے لواحقین کو بتادیا کہ مریض دم توڑ گیا ہے۔

جس پر لواحقین نے ہنگامہ کردیا تو وارڈ سرونٹ موقع سے فرار ہوگیا اور ڈاکٹر اعجاز احمد نے پولیس کو فون کرکے خود بھی فرار ہوگیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر معاملات کو کنٹرول کیا اور نعش روانہ کردی۔متوفی کے ورثا نے ڈاکٹر کیخلاف مقدمہ درج کروانے کیلئے درخواست دائر کردی ہے۔یادرہے کہ دو روز قبل بھی ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کی وجہ سے ایک بائیس سالہ مزدور بھی جاں بحق ہوچکا ہے۔جس کے ورثا نے نعش سڑک پر رکھ کر جی ٹی روڈ بھی بلاک کی تھی۔اس بارے ایم ایس ڈاکٹر نیئررشید کا کہنا ہے کہ واقعہ کی انکوائری کی جائیگی ۔ڈاکٹر قصور وار ہوا تو ضرور کارروائی ہوگی۔

متعلقہ عنوان :