کوئی بھی سیاسی جماعت آئین اورقانون سے بالاترہوکراقتدارمیں نہیں آسکتی، عمران خالد بٹ

ہفتہ 12 نومبر 2016 19:15

گوجرانوالہ۔12 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2016ء)مسلم لیگ(ن)کے پارلیمانی سیکرٹری انڈسٹری اینڈکامرس عمران خالد بٹ نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت آئین اورقانون سے بالاترہوکراقتدارمیں نہیں آسکتی، دھرنوں، جلسے ،جلوسوں، ہڑتالوں اوراحتجاجی سیاست کرنے والی سیاسی جماعتوں کو اب اپنی روش کو بدلنا ہوگا، حکومت پرمثبت تنقیدکرنا اپوزیشن جماعتوں کا پارلیمنٹ میں جمہوری حق ہے ،مسلم لیگ(ن)وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جس کو عوام کی اکثریت نے 2013کے عام انتخابات میں ووٹ دیکرمنتخب کیا ہے، حکومت کی مدت پوری نہ کرنے کی پیش گوئیاں کرنے والے اتنے ہی قابل ہوتے تودھرنوں کی ناکامی کے پیش نظرہی معصوم عوام کو خوارہونے سے بچالیتے۔

(جاری ہے)

شیخ رشید،عمران خان،پرویزالہی جیسے ناکام سیاستدان میٹرو بس کوجنگلہ بس اورناکام پراجیکٹ کہنے والے سی پیک عظیم الشان منصوبے پرتنقیدکرنے کی بجائے تعصب کی عینک اتارکردیکھیں توان کو اس پراجیکٹ سے روزانہ کی بنیاد پرلاکھوں عوام مستفیدہوتے نظرآئیں گے عمران خان تحریک انصاف کی داخلی سیاست میں ڈکٹیٹرکی حیثیت رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ یہ جماعت دن بہ دن عوام میں غیرمقبول ہورہی ہے سابقہ ادوارمیں سازشوں کے ذریعے میاں برادران کی حکومت گرائی جاتی رہی مگراب اقتدارکے پجاری ایسے عناصرناکام رہیں گے، مسلم لیگ(ن)کی حکومت وزیراعظم نوازشریف اوروزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں ملک بھرمیں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے اورتوانائی بحران ختم کرنے سے انقلاب برپاہوجائے گا اورعوام سے کیئے گئے انقلابی وعدے ہرصورت پورے کرینگے عمران خان اورشیخ رشید کا مشترکہ پارلیمنٹ اجلاس میں نہ آنا جمہوری روایات کی توہین ہے ۔