میٹرک ضمنی امتحانات 2016کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا

ہفتہ 12 نومبر 2016 18:57

فیصل آباد۔12 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2016ء)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے امتحان میٹرک کمپوزٹ ضمنی 2016ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ آج کمپیوٹر سیکشن میں نتائج بورڈ کی ویب سائیٹ پر اًپ لوڈ کرنے کی سادہ و پروقار تقریب زیرصدارت چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری بورڈ خرم قریشی‘ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد ظفر اقبال طاہر اورسسٹم اینالسٹ محمد طارق سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ‘ سیکرٹری بورڈ خرم قریشی اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد ظفر اقبال طاہر نے مشترکہ طور پر کمپیوٹر کا بٹن دبا کر رزلٹ کو بورڈ کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk پر اًپ لوڈ کر دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد ظفر اقبال طاہر نے بتایا کہ امتحان میں کل 15612 طلباء وطالبات شریک ہوئے جن میں سے 6841 پاس ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 43.82 فیصد رہا۔

چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رزلٹ انتہائی احتیاط اور سپر چیکنگ کے بعد تیار کیا گیا ہے جس کی وجہ سے انشاء اللہ غلطی کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے تاہم ایسے امیدواران جو مطمئن نہ ہوں وہ بورڈ قوانین کے مطابق مورخہ 28 نومبر 2016ء تک ری چیکنگ کی سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے پیپرز خود دیکھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الحمداللہ ہم آٹومیشن کا سنگ میل عبور کر چکے ہیں جس کی وجہ سے اب لوگوں کے مسائل ان کے گھروں میں بیٹھے ہوئے ہی حل ہو رہے یہی وجہ ہے کہ اب طلباء وطالبات سمیت ان کے تعلیمی اداروں کے سربراہان کو بورڈ کے چکر لگانے کے جھنجھٹ سے نجات مل چکی ہے ۔ چیئرمین بورڈ نے بروقت شفاف و غلطیوں سے پاک نتائج تیار کرنے پر کمپیوٹر سیکشن سمیت تمام متعلقہ افسران و اہلکاران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی خدمت اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی ہمارے فرائض منصبی میں شامل ہے لہذا فرائض کی بجاآوری اور لوگوں کے دکھوں کا مداوا بننے میں کبھی بھی سستی و لاپرواہی کو آڑے مت آنے دینا کیونکہ یہی ہمارا دینی و اخلاقی فریضہ ہے۔