جعلی ،ممنوعہ اور نشہ آور ادویات کی فروخت کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ،محمد علی رندھاوا

ڈی ای او، ڈرگ انسپکٹرز قیمتی انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کیخلاف ٹھوس ،نتیجہ خیز مہم شروع کر یں، ڈی سی او حافظ آباد کی ہدایت

ہفتہ 12 نومبر 2016 18:39

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2016ء)ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن آفیسر حافظ آباد محمد علی رندھاوا نے ضلع بھر میں عطائیوں کے خلاف بھر پور کاروائی کا حکم دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر حامد رفیق اور ڈرگ انسپکٹروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ قیمتی انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف ٹھوس اور نتیجہ خیز مہم شروع کر دیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ جعلی ،ممنوعہ اور نشہ آور ادویات کی فروخت کرنے والے بھی کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور ان ادویات کی فروخت میں ملوث افراد اور میڈیکل سٹوروں کے خلاف بھی بلا رو رعایت ایکشن کیا جائے۔انہوں نے یہ ہدایات محکمہ صحت کے افسران کے اجلاس کے دوران جاری کیںجس میں ای ڈی او فنانس فخر السلام ڈوگر ،ڈی او کوارڈ میڈم مرضیہ حسنین چنگیزی ،ڈی ایم او عدنان ارشاد چیمہ ،اے سی عمر فاروق وڑائچ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے کہا کہ ضلعی حکومت کے افسران بھی باقاعدگی سے ڈی ایچ کیو ،ٹی ایچ کیو ہسپتالوں اور ٹراما سنٹر سمیت محکمہ صحت کی دیگر سہولیات کا دورہ کر رہے ہیںجس کا مقصد ہسپتالوں کی کارکردگی کو مذید بہتر اور مریضوں کو علاج معالجہ کی ہر ممکن سہولت کی فراہمی یقینی بنانا ہے ۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ادویات کی دستیابی کے باوجود مریضوں کی جانب سے دوائیاں نہ ملنے کی شکایات کا فوری نوٹس لیا جائیگا اور درست پائے جانے کی صورت میں متعلقہ ڈاکٹر اور دیگر اہل کاروں کے خلاف کاروائی کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے تحت ہسپتالوں کی کارکردگی کو بہترین بنانے کے لیے تمام کوششیں کی جا رہی ہیںتاہم سب سے زیادہ اہم بات ڈاکٹروں کی حاضری اور مریضوں کے ساتھ انکا رویہ ہے جس کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ ایمرجنسی میں موجود ڈاکٹر ہمہ وقت وہیں موجود رہیں اور ایم ایس سمیت کوئی بھی آفیسر انکو ایمرجنسی چھوڑ کر کسی دیگر کام کو سر انجام دینے کا نہ کہے۔

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ تمام مریضوں کو یکساں اہمیت دی جائے اور کسی بھی ریفرنس کو مد نظر رکھتے ہوئے باری سے ہٹ کر مریضوں کو چیک نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ان ڈور اور ایمرجنسی میں100فی صد ادویات کی مفت فراہمی اور دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اسلم شاہین نے وزیر اعلیٰ روڈ میپ کے تحت ضلعی محکمہ صحت کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔