عثمانی ٹائون پروجیکٹ نے غیر قانونی اشتہاری مہم جاری رکھی ہوئی ہے، عوام کسی قسم کا لین دین نہ رکھیں۔ ایس بی سی اے

ہفتہ 12 نومبر 2016 18:28

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2016ء) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی ای) نے عثمانی ٹائون نامی منصوبے واقع شاہ فیصل کالونی نزد ملیر ہالٹ کراچی میں پلاٹس کی تشہیر و فروخت مہم کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے عوام الناس کو مذکورہ پروجیکٹ میں سرمایہ کاری سے متعلق متنبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں ایس بی سی اے نے کہا ہے کہ مذکورہ پروجیکٹ میں متعلقہ بلڈرز/ ڈیویلپرز نے تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے این او سی برائے تشہیر و فروخت کے بغیر اوپن پلاٹس کی خرید و فروخت بکنگ اور وال چاکنگ و بینرز سمیت دیگر ذرائع سے غیر قانونی اشتہاری مہم جاری رکھی ہوئی ہے جس پر ایس پی سی اے کی جانب سے قانونی کاروائی کی جا رہی ہے۔

ایس بی سی اے نے عوام الناس کو ان کے اپنے مفاد میں متنبہ کیا ہے کہ پروجیکٹ عثمانی ٹائون میں کسی بھی قسم کی لین دین نہ کی جائے بصورت دیگر اپنے نقصان کے وہ خود ذمہ دار ہوں گے۔