رائیونڈ تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ رقت آمیز مناظر اور درد بھری دعائوں کے ساتھ اختتام پذیر

ہفتہ 12 نومبر 2016 18:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 نومبر2016ء) گزشتہ تین روز سے جاری رائیونڈ تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ رقت آمیز مناظر اور درد بھری دعائوں کے ساتھ ختم ہو گیا۔ آج صبح بعد نماز فجر امیر تبلیغ مولانا عبدالوہاب نے دعا کروائی۔ دعا میں لاکھوں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔ دعا کے ختم ہوتے ہی تبلیغی اجتماع کے شرکاء اپنے آبائی علاقوں کی طرف روانہ ہو گئے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی نے تبلیغی اجتماع کے شرکاء کی سہولت کیلئے جو شٹل بس سروس چلائی تھی وہ آج تمام دن اجتماع کے شرکاء کو رائیونڈ سے لاہور ریلوے سٹیشن اور لاری اڈا بادامی باغ پہنچاننے کیلئے چلتی رہی جبکہ لاہور ٹریفک پولیس نے بنائے گئے ٹریفک پلان کے تحت چند ہی گھنٹوں میں رائے ونڈ اجتماع کے شرکاء کا انخلاء مکمل کرلیا۔ پلان کے تحت سب سے پہلے موٹرسائیکل سوار شرکاء کو نکلنے کا موقع دیا گیا جس کے بعد گاڑیوں اور پھر بسوں کی باری آئی۔ (قیوم زاہد)