تعلیم، صحت کے بعد قبرستانوں کا بجٹ اورنج ٹرین منصوبے پر لگانا ظلم ہے‘چودھری افضل گجر

وزیراعلیٰ اب یہ شعر پڑھا کریں ’’ زندہ تو زندہ تھے مردے بھی نہ چھوڑے ہم نے‘‘چیف جسٹس نوٹس لیں،ماڈل قبرستانوں کا منصوبہ بھی قاتل حکمرانوں کے ہوس زر کی بھینٹ چڑھ گیا ‘اجلاس سے خطاب

ہفتہ 12 نومبر 2016 18:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر نے کہا ہے کہ تعلیم، صحت کے بعد قبرستانوں کا بجٹ اورنج ٹرین منصوبے پر لگانا ظلم ہے،قبرستانوں کی تعمیر و مرمت کا بجٹ ایک ارب 50 کروڑ روپے سے کم کر کے صرف 50 کروڑ روپے کرنا قابل مذمت ہے،پہلے ہی زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں کیا شہباز حکومت اب مردوں کو بھی مال روڈ پر ہڑتال کرنے پر اکسانا چاہتی ہی ۔

وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک لاہور کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر راجہ ندیم، شفاقت مغل، راجہ محمود عزیز، میاں عامر، مبین شاہ، میاں افتخار، حاجی اختر، دلاور محمودودیگر بھی موجود تھے۔چودھری افضل گجر نے قبرستانوں کا بجٹ کم کرنے کے ردعمل میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سرکاری تقریبات میں اب یہ شعر پڑھا کریں ’’زندہ تو زندہ مردے بھی نہ چھوڑے ہم نے ‘‘انہوں نے کہا کہ ماڈل قبرستانوں کا منصوبہ بھی سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتل حکمرانوں کے ہوس زر کی بھینٹ چڑھ گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شریف حکومت نے ہر طبقہ کو احتجاج پر مجبور کیا۔خفیہ اداروں اور صحافتی تنظیموں کی رپورٹس کے مطابق حکومتی پالیسیوں سے اکتائے ملازمین ،کلرکوں، ڈاکٹروں، اساتذہ، کسانوں، مزدوروں اور عام شہریوں نے رواں سال جنوری تا 30 اکتوبر تک 6 ہزار سے زائد مظاہرے کیے جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 ہزار مظاہروں کے باوجود 2 فیصد مظاہرین کے مطالبات بھی پورے نہیں کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ اورنج ٹرین منصوبہ قومی خزانے، کاروبار، لاہور کے تاریخی تشخص و حسن کا دشمن منصوبہ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب اپنی واہ واہ اور کمیشن کیلئے آئندہ نسلوں ،اخلاقی اقدار اورملکی وقار سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ قبرستانوں کا بجٹ اورنج ٹرین منصوبے پر لگائے جانے پر سوموٹو ایکشن لیں۔

متعلقہ عنوان :