پیپلزسٹوڈنٹس فیڈریشن 14نومبر کو پیپلزپارٹی کے شانہ بشانہ بھرپور احتجاجی مظاہرہ کریگی ‘( ن) لیگ تعلیمی پیکیج پر شب خون مارنے کی گھنائونی کوششوں میں مصروف عمل کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے

پی ایس ایف آزادکشمیر کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات چوہدری ریاست علی تبسم کا بیان

ہفتہ 12 نومبر 2016 17:20

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 نومبر2016ء)پیپلزسٹوڈنٹس فیڈریشن 14نومبر کو پیپلزپارٹی کے شانہ بشانہ بھرپور احتجاجی مظاہرہ کرئیگی ۔ ن لیگ تعلیمی پیکیج پر شب خون مارنے کی گھنائونی کوششوں میں مصروف عمل کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔ ان خیالات کااظہار پی ایس ایف آزادکشمیر کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات چوہدری ریاست علی تبسم نے میرپور سے جاری پریس ریلیز میں کیا۔

ریاست تبسم نے کہا کہ ن لیگ ہمیشہ کی طرح اب بھی کشمیریوں کے حق اور انکے بنیادی حق ایجوکیشن سے محروم کرنے کیلئے مصروف عمل ہے جس کو کسی بھی صورت ہم کامیاب نہیں ہونے دینگے 14نومبر کو پی ایس ایف آزاد کشمیر احتجاج میں بھرپور حصہ لے گئی ۔ انہوںنے مزید کہا کہ یہ وقت کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا ہے جس طرح پانچ ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں اور دو مہینے سے کنٹرول لائن پر بسنے والے سب بے گھر ہو چکے ہیں اور گھر بار چھوڑنا پر مجبور ہو گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ن لیگ کی حکومت نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کیے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت آزادکشمیر میں انتقامی کارروائیوں ، ایجوکیشن پیکیج ختم کرنے کی کوششوں کے علاوہ کچھ بھی نہیں کر سکی اور موجودہ وزیراعظم لاکھوں روپے لے کر بیرونی دوروں پر گئے ہوئے ہیں۔ اتنی توفیق نہیں ہوئی کہ کنٹرول لائن کے متاثرین کے حق کیلئے آواز بلند کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے اطراف میں بسنے والے کشمیریوں آئے روز گولیوں کا نشانہ بنایاجارہا ہے ۔ سینکڑوں لوگوں کو شہید زخمی کیا گیا کروڑوں روپے کے لوگوں کے مال مویشی کومار دیا گیا گھروں کوصفحہ ہستی سے مٹا دیا گیا ان سب مسائل سے غافل حکومت اپنا سٹیٹس استعمال کرنے کے چکر میں ہے ۔