عراق میں فوج کی وردی میں مسلح ڈکیتی، 80کلو گرام سونا، بھاری مقدار میں نقدی اور زیورات لوٹ لیا

ہفتہ 12 نومبر 2016 16:32

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 نومبر2016ء) عراق کے شہر بصرہ کے صرافہ بازار سے فوج کی وردی میں ملبوس مسلح افراد 80کلو گرام سونا، بھاری مقدار میں نقدی اور زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی حکا م کا کہنا ہے کہ البصرہ شہر کے مغرب میں الحیانہ کے مقام پر واقع ایک بازار میں فو ج کی وردی میں ملبوس18 افراد نے جیولری کی تین دکانوں پرمسلح ڈکیتی کی اور لوٹ مار کے دوران کم سے کم 80 کلو گرام سونا اور نقدی لوٹ لی۔

لوٹی گئی رقم میں غیر ملکی کرنسی بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کے دوران مسلح افراد نے بازار کے پانچ سیکیورٹی گارڈز کو رسیوں سے باندھ دیا۔ایک مقامی دکاندار کا کہنا ہے کہ بازار کے ایک سیکیورٹی گارڈ نے اسے ٹیلیفون پر بتایا کہ اس کی دکان پر ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ دکان دار کے مالک کا کہنا ہے کہ اس کی دکان سے پانچ ملین ڈالر کی نقدی اور زیورات لوٹے گئے ہیں۔بازار میں لگے کلوزسرکٹ کیمروں میں بھی ڈکیتوں کو دیکھا جاسکتا ہے جس میں وہ فوجی وردی میں ملبوس دکھائی دیتے ہیں۔خیال رہے کہ بصرہ شہر میں لوٹ مار اور ڈکیتی کی وارداتیں عام ہیں۔ دو سال قبل فوج کے بریگیڈ 14 کے اہلکاروں کے بصرہ سے نکل جانے کے بعد چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :