چھوٹے کسانوں کو بلا سود زرعی قرضوں کی فراہمی کیلئے رجسٹریشن کا عمل 15نومبر تک جاری رہے گا‘ اقبال حسین خان

ہفتہ 12 نومبر 2016 15:38

جہلم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2016ء) ڈی سی ا و اقبال حسین خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق چھوٹے کسانوں کو بلا سود زرعی قرضوں کی فراہمی کیلئے رجسٹریشن کا عمل 15نومبر تک جاری رہے گا ، کھادوں کی قیمتوںمیں نمایاں کمی کر دی گئی ہے، جعلی کھادیں اور ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن جاری ہے ، کسانوں کو آبپاشی کے جدید طریقوں سے آگاہی اور مشینی کاشت کو فروغ سے فصلوں کی پیداوار میں بھرپور اضافہ ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے زرعی ٹاسک فورس ، ایگریکلچر ل ایڈوائزری کمیٹی اورکسان پیکج کے تحت رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر اے ڈی سی احمر نائک ،ای ڈی او زراعت شیخ محمد لئیق،ضلعی افسران و کسانوں کے نمائندگان بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈی سی ا واقبال حسین خان نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ساڑھے 12 ایکٹر تک اراضی کے مالکان کو فصل حریف کیلئے 40 ہزار روپے فی ایکٹر اور فصل ربیع کیلئے 25ہزار روپے فی ایکٹر بلا سود قرضوں کی فراہمی کے انقلابی پروگرام کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت تینوں کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ سنٹرز میں رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ بلا سود قرضوں کیلئے رجوع کرنے والے کسانوں کو کمپیوٹرائزڈ پاس بک جاری کی جاتی ہے جس کے ذریعے وہ منتخب بینکوں سے قرض حاصل کر سکتے ہیں ۔

ڈی سی ا واقبال حسین خان نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کھادوں کی قیمتوں میں واضع کمی کی گئی ہے، اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے اور قیمتوں پر عملدرآمد کیلئے زراعت افسران کو سخت چیکنگ کی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں، انہوںنے ہدایت کی کہ زراعت افسران اس امر کو یقینی بنائیں کہ کھاد ڈیلرز مختلف کھادوں کی قیمتیں نمایاں جگہ پر آویزاں کریں اور ہر خریدار کو باقاعدہ رسید جاری کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ جعلی کھادیں اور ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈائون جاری ہے۔ ڈی سی ا واقبال حسین خان نے واضع کیا کہ وہ خود بھی جعلی کھادوں اور ادویات کی روک تھام کیلئے چیکنگ کریں گے اور اگر کسی علاقہ میںاس گھنائونے دھندے میں ملوث افراد پکڑے گے تو ملزمان کے ساتھ متعلقہ زراعت افسر کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی ۔ ڈی سی ا واقبال حسین خان نے کہا کہ زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے آبپاشی کے جدید طریقہ ہائے کار سے کسانوں میں متعارف کروائے جا رہے ہیں اس مقصد کیلئے حکومت 60فیصد تک سبسڈی دے رہی ہے ۔

ڈی سی او نے محکمہ زراعت ، واٹر مینجمنٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کیلئے حکومتی پالیسیوں کے موثر نفاذ کیلئے بھرپور محنت اور تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائیں ۔