کابل کے شمال میں واقع نیٹو کے بگرام ایئربیس میں دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ،ْ چودہ زخمی

دھماکا صبح ساڑھے 5 بجے کے قریب ہوا ،ْ نیٹو نے ہلاکتوں کی تصدیق کر دی طالبان نے مزار شریف میں جرمن قونصل خانے کے قریب ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی

ہفتہ 12 نومبر 2016 13:21

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2016ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل کے شمال میں واقع نیٹو کے بگرام ایئربیس میں دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیٹو کی جانب سے جاری ہونے والے مختصر بیان میں کہا گیا کہ دھماکا صبح ساڑھے 5 بجے کے قریب ہوا۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق نیٹو کی فورسز اور میڈیکل ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا ذرائع کے مطابق واقعہ کی تحقیقات کے ساتھ ساتھ زخمیوں کو طبی امداد دینے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا نیٹو نے اپنے بیان میں 4 افراد کی ہلاکت اور 14 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تاہم متاثرہ افراد کی قومیت کے حوالے سے معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

ادھر افغانستان میں طالبان نے مزار شریف میں جرمن قونصل خانے کے قریب ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دھماکے کی ذمہ قبول کرلی ہے۔انہوں نے دعوی ٰکیا کہ یہ حملہ قندوز کے نزدیک ایک گاؤں پر نیٹو کے فضائی حملے کا انتقام ہے جس میں 30 سے زائد افراد مارے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :