شراپوااقوام متحدہ کی خیرسگالی سفیر ہوں گی

ہفتہ 12 نومبر 2016 12:31

شراپوااقوام متحدہ کی خیرسگالی سفیر ہوں گی

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2016ء) اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ روس کی ٹینس اسٹار ماریہ شراپوا ممنوعہ ادویات کے استعمال پر عائد پابندی کے خاتمے کے بعد کورٹ میں واپسی کے ساتھ ہی اقوام متحدہ کی خیرسگالی سفیر کے عہدے پر بحال ہوں گی اور اپنا کردار نبھائیں گی۔اقوام متحدہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کہا گیا کہ یون این ڈی پی کو خوشی ہے کہ ماریا شیراپوا جلد ہی کھیل میں واپس آسکتی ہیں اور اس پابندی کے خاتمے کے ساتھ ہی انھیں خیرسگالی کے سفیر کے عہدے پر بحال کریں گے۔

5 دفعہ کی گرینڈ سلیم چمپئن ماریا شیراپوا کو 2007 میں اقوام متحدہ کے ادارے ڈیولپمنٹ پروگرام (یو این ڈی پی) کا خیرسگالی سفیر مقرر کیا گیا تھا تاہم مارچ 2016 میں ان کی جانب سے ممنوعہ ادویات کے استعمال کے اعتراف کے بعد ٹینس کھیلنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

شیراپوا کا اقوام متحدہ کے ساتھ کام میں 1986 میں یوکرین میں چیرنوبل سانحے کے متاثرین کی مدد پر خاص توجہ تھی۔

واضح رہے روسی ٹینس اسٹار کو رواں سال کے آغاز میں ابتدائی طورپر دوسال کے لیے ٹینس سے معطل کردیا گیا تھا جو بعدازاں عالمی ثالثی عدالت کی جانب سے 15 مہینے تک محدود کردی گئی تھی۔شیرپوا اگلے سال اپریل 2018 میں ٹینس میں واپسی کریں گی تاہم وہ سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن میں شرکت نہیں کر پائیں گی جس کے بعد وہ دیگر تینوں گرینڈ سلیم مقابلوں میں حصہ لے سکیں گی۔

انھوں نے حال ہی میں امریکا کے شہر لاس ویگاس میں ایک نمائشی میچ میں شرکت کرکے طویل عرصے بعد ٹینس کورٹ میں واپسی کی تھی۔ورلڈ ٹیم ٹینس اسمیش ہٹس میں کھیلے گئے نمائشی میچ سے حاصل ہونے والی آمدنی کو ایلٹن جان ایڈز فاؤنڈیشن کو عطیہ کیا جانا تھا۔واضح رہے کہ میراشیراپوا طویل عرصے تک ٹینس سے باہر ہونے کے باعث عالمی درجہ بندی میں 93 ویں نمبر پر چلی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :