ٹرمپ کے انتخاب سے یورپ اور امریکہ کے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں، صدر یورپی کمیشن

ہمیں ٹرمپ کیساتھ دو سال ضائع کرنے ہوں گے جب تک کہ وہ دنیا کا دورہ کر کے اٴْسے جان نہ لیں،ہمیں نو منتخب صدر کو یہ بتانے کی ضرورت ہے’’ یورپ کیا ہے اور کیسے کام کرتا ہے‘‘ جین کلاڈ ینکر لکسمبرگ میں خطاب

ہفتہ 12 نومبر 2016 12:25

ٹرمپ کے انتخاب سے یورپ اور امریکہ کے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں، صدر یورپی ..
برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 نومبر2016ء) یورپی یونین کمیشن کے سربراہ جین کلاڈ ینکرنے خبردار کیا ہے کہ امریکہ کے صدر کی حیثیت سے ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخاب سے یورپ اور امریکہ کے تعلقات متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔ لکسمبرگ میں خطاب کرتے ہوئے یورپین کمیشن کے صدر نے کہا کہ ہمیں نو منتخب صدر کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ یورپ کیا ہے اور کیسے کام کرتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اٴْن کی بنیاد اور ڈھانچے کے لحاظ سے بین الابراعظمی تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔یورپین کمیشن کے سربراہ کی رائے یورپی یونین میں شامل دیگر ممالک کے سربراہان کے لحاظ سے مختلف ہے۔لکسمبرگ کے اخبار کے مطابق مسٹر ینکر نے کہا کہ عام طور پر امریکی یورپ پر زیادہ توجہ نہیں دیتے، جہاں تک مسٹر ٹرمپ کا تعلق ہے تو میں یہ سمجھتا ہوں کہ اٴْن کے خیال میں بیلجیئم ہمارے براعظم پر موجود کوئی دیہات ہو گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ میری ایماندارنہ رائے یہ ہے کہ ہمیں مسٹر ٹرمپ کے ساتھ دو سال ضائع کرنے ہوں گے جب تک کہ وہ دنیا کا دورہ کر کے اٴْسے جان نہ لیں۔ادھر امریکہ کے مختلف شہروں میں دوسرے روز بھی صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کے منتخب ہونے کے خلاف احتجاج جاری ہے جبکہ ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ میں مظاہروں نے پرتشدد صورتحال اختیار کر لی ہے۔

ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران نیٹو کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے روس سے تعلقات بہتر کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، جس سے یورپی رہنما محتاط ہو گئے تھے۔ انھوں نے وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آنے کے بعد وہ پہلے سو دنوں میں ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے پیرس معاہدہ ختم کر دیں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے تجارتی معاہدوں کی مخالفت، مذہب اور نسلی کی بنیاد پر متنازع بیانات سے خدشات مزید بڑے۔

واضح رہے کہ جرمنی کی چانسلر انگیلا میرکل نے ٹرمپ کے نام اپنے پیغام میں کہا تھا کہ امریکی اور جرمنی میں 'جمہوریت، آزادی، قانون کی بالادستی، رنگ ونسل، مذہب اور صنف کو بالائے طاق رکھ کر انسانیت کی قدر جیسی اقدار مشترک ہیں۔'دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ وہ پر اعتماد ہیں کہ اپنے انتخابی وعدوں کے برعکس مسٹر ٹرمپ ماحولیاتی تبدیلی کے معاہدے کو منسوخ نہیں کریں گے۔