ورلڈ بینک کراچی میں اگلے تین سالوں میں مختلف عوامی سہولیات اور شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے 100 ملین ڈالر خرچ کریگا، ڈپٹی میئر کراچی

جمعہ 11 نومبر 2016 22:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک کراچی میں اگلے تین سالوں میں مختلف عوامی سہولیات اور شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے 100 ملین ڈالر خرچ کرے گا جس سے کراچی میں سماجی اور ثقافتی تبدیلی نظر آئے گی یہ منصوبے فوری نوعیت کے کاموں پر خرچ کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے ورلڈ بینک کی ملاقات میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا تھا انہوں نے کہا کہ 100 ملین ڈالر کے فوری نوعیت کے ترقیاتی کاموں کے لئے ابتدائی منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی ہے۔

گزشتہ کئی سالوں سے بلدیاتی قیادت نہ ہونے کی وجہ سے کراچی میں بلدیاتی مسائل میں بے انتہا اضافہ ہوا ہے انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک گزشتہ تین سالوں سے کراچی میں ترقیاتی ، سماجی ، معاشرتی اور ثقافتی شعبوں کی اسٹڈی کر رہا ہے اور اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی کی خوبصورتی میں اضافے اور سماجی و ثقافتی تبدیلی کے لئے چھوٹے چھوٹے منصوبوں پر فوری عملدرآمد کیا جائے تاکہ کراچی میں نمایاں تبدیلی نظر آئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کے ساتھ کراچی میں مختلف ترقیاتی کاموں کے حوالے سے گفتگو کا سلسلہ جاری ہے اور امید ہے کہ جلد ہی ورلڈ بینک کے تعاون سے کئی منصوبے شروع کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ کراچی بین الاقوامی شہر ہے اور اسے پرکشش شہر بنانے کے لئے کئی سنجیدہ فیصلے کرنے ہوں گے اور ان پر نیک نیتی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ ممالک کے وفود کے ساتھ ملاقات میں اس بات کا عندیہ ملا ہے کہ کراچی میں امن و امان کی بہتر صورتحال کے بعد متعدد ادارے سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ پوری کوشش ہے کہ سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے تاکہ دو کروڑ سے زائد کی آبادی پر مشتمل کراچی کو بلدیاتی سہولتیں میسر آئیں۔

متعلقہ عنوان :