ْکراچی کے تمام علاقوں میں بلاامتیاز و تفریق ترقیاتی کام کرائے جائیں گے ، ڈپٹی میئر کراچی

ہمارا مقصد شہریوں کی خدمت ہے ،گزشتہ کئی سالوں سے بلدیاتی قیادت نہ ہونے کی وجہ سے شہر میں مسائل کے انبار ہیں

جمعہ 11 نومبر 2016 22:01

ْکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے کہا ہے کہ کراچی کے تمام علاقوں میں بلاامتیاز و تفریق ترقیاتی کام کرائے جائیں گے ہمارا مقصد شہریوں کی خدمت ہے اور انہی کاموں کے لئے ہمیں منتخب کیا گیا ہے گزشتہ کئی سالوں سے بلدیاتی قیادت نہ ہونے کی وجہ سے شہر میں مسائل کے انبار ہیں جنہیں بتدریج ختم کیا جائے گا یہ بات انہوں نے یوسی چیئرمین فردوس شمیم نقوی کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کے مختلف علاقوں سے منتخب ہونے والے یوسی چیئرمینز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جنہوں نے آج ڈپٹی میئر کے دفتر میں ان سے ملاقات کی، اس موقع پر سٹی کونسل میں قائد حزب اقتدار اسلم آفریدی ، مختلف یوسی کمیٹیوں کے چیئرمین اور مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والی خواتین بھی موجود تھیں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی، سیوریج اور کچرا اٹھانے کے مسائل سب سے نمایاں ہیں جس کی وجہ سے کراچی کی خوبصورتی اور سڑکوں کی حالت خراب ہو رہی ہیں ، ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ سٹی کونسل میں کمیٹیوں کی تشکیل کا کام مکمل ہوچکا ہے اور کونسل میں موجود مختلف پارٹیوں کے نمائندوں سے اس حوالے سے گفتگو کی جاچکی ہے اور جلد ہی کونسل کا اجلاس بلوا کر کمیٹیوں کے چیئرمینوں کا انتخاب کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ایک خودمختار کونسل میں شہری مسائل کو پیش کیا جائے گا اور تمام ممبران کے مشوروں سے ہی فیصلے کئے جائیں گے ، ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے لئے اسپیشل ترقیاتی پیکیج کے تحت ہزارہ ٹائون سے واجد ٹائون تک 8 انچ کی پانی کی لائن ڈالی جا رہی ہیں جس سے علاقے میں پانی کا مسئلہ حل ہوجائے گا جبکہ کراچی میں 10 ارب روپے کی لاگت سے مختلف منصوبوں پر کاموں کا آغاز کیا جاچکا ہے، انہوں نے تمام یوسی چیئرمینوں کو یقین دلایا کہ ان کے علاقے میں تجاوزات کے خاتمے کے لئے بھرپور تعاون کیا جائے گا اور جب بھی انہیں اپنے علاقوں میں عملے اور مشینری کی ضرورت ہو انہیں فراہم کردی جائے گی لیکن تجاوزات کے خلاف کارروائی بلا امتیاز ہونی چاہئے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی میئر کراچی کو یونین کونسل کے چیئرمینوں نے بتایا کہ ان کے علاقوں میں بیٹھنے کے لئے دفاتر موجود نہیں ہیں اس لئے کاموں کے تواتر کے ساتھ کرنا بے انتہا مشکل ہے جبکہ سیوریج ، پانی ، صفائی ستھرائی کے مسائل درپیش ہیں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے، یوسی چیئرمینوں نے کہا کہ وہ ترقیاتی کاموں اور مسائل کے حل سلسلے میں بے اختیار ہیں جس سے علاقے میں مسائل بڑھتے جا رہے ہیں ، یوسی چیئرمین فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ کونسل کا اجلاس جلد بلوایا جائے اور کمیٹیوں کی تشکیل کو جس قدر جلد ممکن ہو یقین بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری کاموں کی رفتار مزید تیز ہونے کے منتظر ہیں ۔

متعلقہ عنوان :