نفاذ صلوة سے فرقہ واریت کے خاتمہ میں مدد ،ملک میں باہمی ہم آہنگی ،قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا،سردار محمد یوسف

شروع دن سے خواہش ،کوشش رہی تمام مکاتب فکر کو ساتھ لیکر چلوں ،اہم معاملات میں ان کی مشاورت سے آگے بڑھا جائے، وفاقی وزیر مذہبی امور کا اجتماع سے خطاب

جمعہ 11 نومبر 2016 21:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء)وفاقی وزیر مذہبی امور و قومی ہم آہنگی سردار محمد یوسف نی کہا ہے کہ نفاذ صلوة سے فرقہ واریت کے خاتمہ میں مدد ملے گی اور ملک میں باہمی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ خالد بن ولید شمس کالونی اسلام آباد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جب سے مجھے مذہبی امور کی وزارت کی ذمہ داری دی ہے میری شروع دن سے خواہش اور کوشش رہی ہے کہ تمام مکاتب فکر کو ساتھ لے کر چلوں اور اہم معاملات میں ان کی مشاورت سے آگے بڑھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نفاذ نظام صلوة سے ملک میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملا ہے اور یہ حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے حجاج کرام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نفاذ نظام صلوة میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے تعاون اور باہمی مشاورت سے کامیابی ملی ہے اور امید ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی چلتا رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دے کر بہت سارے معاشرتی مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے اور معاشرہ کو امن و سکون کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنے آئین کے تحت تمام مذاہب کو یکساں بنیادوں پر اپنی مکمل مذہبی آزادی کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔ جامعہ خالد بن ولید کے منتظم اعلیٰ اور تحریک دفاع حرمین شریفین کے جنرل سیکرٹری مولانا فضل الرحمن خلیل نے بھی اپنے خطاب میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔